دمام۔۔۔۔وزارت محنت و سماجی فروغ کے عہدیدار نے واضح کیا ہے کہ افطار خیموں پر غیر قانونی تارکین کے تعاقب کیلئے چھاپے نہیں مارے جائیں گے۔یہ یقین دہانی ان رپورٹوں کے تناظر میں کرائی گئی ہے جن میں کہا گیا تھا کہ غیر ملکی کارکنان کثیر تعداد میں افطار خیموں میں پہنچتے ہیں اور امسال غیر ملکیوں کے حلقے میں خدشات پائے جارہے ہیں کہ سعودی افسران غیر قانونی تارکین کو پکڑنے کیلئے افطار خیموں کا رخ کرینگے۔وزارت محنت کے عہدیدارنے الوطن اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افطار خیموں پر چھاپے 2وجہ سے نہیں مارے جائیں گے اول یہ کہ رمضان المبارک کا احترام لازم ہے ، دوسری بات یہ کہ وزارت محنت کے افسران کیلئے افطار خیموں میں شریک افراد کے خلاف قانون شکنی کا کوئی ثبوت بھی نہیں ہوگا۔ ثبوت اسی وقت حاصل ہوگا جب وہ کہیں کام کررہے ہوں۔وزارت کے عہدیدار نے عندیہ دیا کہ ان کی وزارت دعوۃ سینٹر کے ساتھ معاہدہ کررہی ہے کہ وہ غیر قانونی قیام کے نقصانات سے متعلق آگہی فراہم کرے ۔افطار خیموں میں آنے والوں کو 90روزہ مہلت سے استفادے کی ترغیب دی جائے۔دعوۃ سینٹر کے تعاون سے تمام زبانوں میں تارکین کو آگہی فراہم کی جائے گی۔