Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کے خلاف کلین سویپ، پاکستان کا رینکنگ میں پہلا نمبر

فہیم اشرف نے افغانستان کے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں افغانستان کو 59 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کر لی۔
سنیچر کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں 269 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 49 ویں اوور میں 209 رنز بن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مجیب الرحمان نے 37 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاداب خان نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو، محمد نواز اور فہیم اشرف نے بھی دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان نے 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ محمد رضوان 67 اور بابر اعظم 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ آغا سلمان نے 38 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور محمد فرید نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیریز میں کلین سویپ کے بعد پاکستان ون ڈے انٹرنیشنل کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان سری لنکا میں کھیلی گئی تین روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کافی دلچسپ رہی۔
پہلے میچ میں افغانستان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 201 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا اور لگ یوں رہا تھا کہ افغانستان باآسانی یہ میچ جیت جائے گا، لیکن حارث رؤف کے تباہ کن بولنگ سپیل نے افغان شائقین کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ حارث نے پانچ وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان 142 رنز کے بڑے مارجن سے کامیاب رہا۔
سیریز کا دوسرا میچ نہایت سنسنی خیز رہا اور نسیم شاہ نے ایشیا کپ کی کارکردگی دہراتے ہوئے فتح افغانستان کے جبڑوں سے چھین لی۔
افغان ٹیم عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 301 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے نسیم شاہ کے چوکوں کی مدد سے 50 ویں اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کر لیا۔

شیئر: