ڈالر کی اُونچی اُڑان، پاکستانی روپیہ سری لنکن کرنسی سے بھی نیچے گِرگیا
ڈالر کی اُونچی اُڑان، پاکستانی روپیہ سری لنکن کرنسی سے بھی نیچے گِرگیا
جمعرات 31 اگست 2023 16:36
زین علی -اردو نیوز، کراچی
جمعرات کو ایک امریکی ڈالر انٹربینک میں 305 روپے 54 پیسے کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی کرنسی کی قدر میں گراوٹ کا سلسلہ نہ تھم سکا، جمعرات کو پاکستانی روپیہ سری لنکن کرنسی سے بھی نیچے آگیا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق ایک پاکستانی روپے کے عوض سری لنکن 94 پیسے مل رہے ہیں جبکہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر انٹربینک میں 305 روپے 54 پیسے کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹربینک کے ساتھ ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت ایک امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 324 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
معاشی امور کے ماہر حارث ضمیر کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت کے قیام کے بعد سے ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت شرائط پر قرض حاصل کیا ہے اور ان شرائط کی روشنی میں نگراں حکومت کو امور چلانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
’ایک جانب ایکسپورٹ اور ترسیلات زر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف ادائیگیوں کا معاملہ سر پر منڈلا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈالر کی کمی کی وجہ سے روپے پر شدید دباؤ دیکھا جا رہا ہے اور شرح سود میں اضافے کی خبریں بھی بازار میں گردش کر رہی ہیں جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں بھی منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں پی ڈی ایم کی حکومت کے اختتام اور نگراں حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت انٹربینک مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 288 روپے کی سطح پر موجود تھا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 291 روپے ریکارڈ کی جارہی تھی۔