موبائل فون کا کیمرہ ہیک ہوجائے تو کیسے معلوم کریں؟
موبائل فون کا کیمرہ ہیک ہوجائے تو کیسے معلوم کریں؟
جمعرات 31 اگست 2023 18:47
ہیک ہونے والے فون کے مالک کو اس کا احساس بھی نہیں ہوتا کہ ان کا موبائل کا کیمرہ ہیک ہوگیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اگرچہ موبائل ہیک ہونا بہت ہی خطرناک ثابت ہوتا ہے تاہم اس سے بھی زیادہ خطرناک موبائل فون کے کیمرے کا ہیک ہو ناہے کیونکہ اس سے تمام تصاویر اورویڈیوز جو آپ بناتے ہیں وہ دوسروں کی دسترس میں چلی جاتی ہیں۔
’وی پی این اوورویو‘ کمپنی، جو کہ انفارمیشن سکیورٹی کے حوالے سے معروف ہے، کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی موبائل فون کے کیمرے کو ہیک کرنا ہیکرکے لیے کوئی مسئلہ یا مشکل امر نہیں ہوتا۔
اس مقصد کے لیے ہیکر کو بعض ایسے کوڈز استعمال کرنے پڑتے ہیں جن کے ذریعے وہ کیمرے کو باسانی ہیک کرسکتے ہیں۔
ہیک ہونے والے فون کے مالک کو اس کا احساس بھی نہیں ہوتا کہ ان کا موبائل کا کیمرہ ہیک ہوگیا ہے۔
اس حوالے سے سیدتی میگزین نے ماہرین کی جانب سے پیش کی جانے والی چند نشانیاں بیان کی ہیں جن کے ذریعے آپ یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ فون کا کیمرہ ہیک ہوگیا ہے۔
’وی پی این اوورویو‘ کے ماہر مارکس کا کہنا ہے کہ پیکنگ پروگرامز کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے ان پروگراموں کی نشاندہی کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ’تاہم اس حوالے سے خوش آئند بات یہ ہے کہ بعض ایسی علامات ہوتی ہیں جن کے ذریعے صارفین یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ ان کے موبائل کا کیمرہ ہیک ہوگیا ہے۔‘
تاہم فون کو ہیک ہونے سے بچانے کے لیے آپریٹنگ سسٹم کو مسلسل اپ ڈیٹ کرتے رہنا اورکیمرے کے لیے کور کا استعمال کرنا اہم ہے۔
کیمرہ ہیک ہونے کی نشانیاں
آپ کے فون ہیک ہونے کی پہلی نشانی یہ ہے کہ ہیکرآپ کو بلیک میل کرنے کے لیے آپ سے رابطہ کرے گا اور تصاویر وغیرہ آپ کو بھیج کراپنا مطالبہ رکھے گا۔
آپ کو چاہیے کہ آپ اپنے فون کی بیٹری ختم ہونے کے دورانیے پر گہری نگاہ رکھیں۔ اگر یہ دیکھیں کہ استعمال نہ کرنے کے باوجود بیٹری جلدی ختم ہورہی ہے تو آپ کو چاہیے کہ فون میں انسٹال اپیلی کیشنز کا جائزہ لیں اورمعلوم کریں کہ کوئی ’میلویئر‘ تو فون میں سرائیت نہیں کرگیا جس نے کیمرے کو آن کردیا ہو۔
اگر فون کے کیمرے کی لائٹ ٹمٹاتی ہوئی دکھائی دے تو اس بات کا امکان ہے کہ آپ کا کیمرہ ہیک ہو گیا ہے۔
آئی فون میں کیمرے کے استعمال کے وقت اس کی فرنٹ کی جانب ایک سبز لائٹ نقطے کی صورت میں دکھائی دیتی ہے۔ اگریہ لائٹ خود بہ خود بند اورکھل جائے تو یقینی طورپرآپ کے فون کا کیمرہ کسی اورکے قبضے میں جاچکا ہے۔
اس صورت میں فوری طورپر میلویئراسکین چلانا ضروری ہوگا تاکہ اس بارے میں آپ تسلی کرسکیں کہ کیمرہ ہیک نہیں ہے۔
بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ لائٹ بغیرجلے بھی کیمرہ ہیک کر لیا جاتا ہے۔ یہ اس صورت میں ہوتا ہے جب ہیکرآپ کا کیمرہ ہیک کرکے اس کی لائٹ کو آف کردے یا یہ بھی ممکن ہے کہ آپ نے سیٹنگ میں اسے خود ہی آف کیا ہوا ہو۔
اگر آپ نے فون پر بیگ گراونڈ میں چلنے والی ایپلی کیشنز اسٹاپ کیا ہوا ہو اوراس کے باوجود ایپلی کیشنز از خود آن ہوجائیں تو یہ اس بات کی علامت ہیں کہ کیمرہ ہیک ہوچکا ہے۔