سعودی اور ایرانی فٹبال فیڈریشنوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
سعودی اور ایرانی فٹبال فیڈریشنوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
بدھ 6 ستمبر 2023 19:05
ایشین فٹبال کے لیے دونوں ملک مستحکم تعلقات کی کوشش کریں گے (فوٹو: اخبار24)
سعودی فٹبال فیڈریشن نے ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر ہیڈکوارٹر ریاض میں دستخط کردیے۔
اس موقع پر دونوں فیڈریشنوں کے سربراہ یاسر المسحل اور مھدی تاج موجود تھے۔
اخبار 24 کے مطابق فریقین کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا مقصد دونوں ملکوں میں ایشیا کی سطح پر فٹبال کے فروغ کےلیے تعاون ہے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ملکوں کی فیڈریشنیں ریفریز کے لیے ٹریننگ کورس کرائیں گی اور تجربات کا تبادلہ کریں گی۔ علاوہ ازیں خواتین فٹبال، فٹسال اور بیچ ساکر کے استحکام کے لیے مل کر کام کریں گی۔
سعودی فیڈریشن کے سربراہ یاسر المسحل نے کہا کہ ’ایشین فٹبال کے لیے دونوں ملک مستحکم تعلقات بنانے کی کوشش کریں گے‘۔
ایرانی فیڈریشن کے سربراہ مھدی تاج نے کہا کہ’ وہ فریقین کے درمیان مزید تعاون کی خاطر سعودی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ آئندہ مرحلے میں اس کے خوشگوار اثرات دیکھنے کو ملیں گے‘۔