Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران میں سعودی عرب کے نئے سفیر نے اسناد سفارت پیش کردیں

سعودی عرب اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: الاخباریہ)
ایران میں سعودی عرب کے نئے سفیر عبداللہ بن سعود العنزی نے اتوار کو تہران میں ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیرعبد اللہیان کو اسناد سفارت پیش کردیں۔
الاخباریہ چینل کے مطابق اس موقع پر سعودی سفییر اور ایرانی وزیر خارجہ نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔
 ایس پی اے کے مطابق سعودی سفیر نے منگل پانچ ستمبر کو تہران پہنچنے پر بیان میں کہا تھا کہ ’سعودی قیادت کی ہدایات میں ایران کے ساتھ  ملاقاتیں اور رابطے تیز کرنے اور تعلقات مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔‘
’سعودی قیادت چاہتی ہے کہ دونوں پڑوسی ملکوں کے تعلقات عروج کی نئی منزلوں تک پہنچیں۔‘
ان کا کہنا کہ ’دونوں ملک خطے میں امن و استحکام ، ترقی و خوشحالی کے فروغ میں معاون قدرتی اور اقتصادی وسائل  کے مالک ہیں۔‘
 ’ایران اور سعودی عرب  دونوں ملکوں کے برادر عوام کے مشترکہ مفادات کی تکمیل کی اہلیت رکھتے ہیں۔‘ 
عبداللہ بن سعود العنزی کے مطابق ’ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا جاری کردہ سعودی وژن 2030 ہر طرح کے تعاون پر عمل درآمد کا روڈ میپ ہے۔ اس کی بنیاد پر دونوں ملک واضح حکمت عملی کے تحت تعاون بڑھا سکتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہاہ ’حسن ہمسائیگی، افہام و تفہیم، بامقصد تعمیری مکالمے اور احترام باہمی کی حکمت عملی فریقین کے تعلقات کی جڑیں مضبوط بنائے گی اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان اعتماد کو مستحکم کرے گی۔‘ 
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں برسوں کی کشیدگی کے بعد سفارتی تعلقات بحال کرنے اور اپنے سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔

شیئر: