’سعودی عرب اور انڈیا خصوصی خلائی پروگرام شروع کریں گے‘
دونو ں ملکوں کے درمیان نجی شعبے کےلیے سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں( فوٹو: عاجل)
سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے کہا ہے کہ ’انڈیا اور سعودی عرب خصوصی خلائی پروگرام جلد شروع کریں گے‘۔
العربیہ چینل کے مطابق خالد الفالح نے کہا کہ ’انڈیا کے انٹرنیشنل فنانس ٹیک سٹی( گفٹ) میں سعودی فنڈ کا دفتر قائم کرنے پرغور کیا جائے گا‘۔
سعودی انڈین سرمایہ کاری فورم کے دوران انہوں نے کہا کہ’ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان نجی شعبے کےلیے بہترین مواقع موجود ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ’ انڈیا نیوم کے ٹیکنالوجی کے منصوبوں میں سعودی عرب کے شراکت داروں میں سے ایک ہے‘۔
فورم میں دونوں ملکوں کے سرمایہ کاروں نے حصہ لیا۔ ایک ہزار سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع اور سعودی عرب کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور انڈیا نے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے دو طرفہ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
پیر کو نئی دہلی میں انڈیا- سعودی سرمایہ کاری فورم میں بات کرتے ہوئے سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری نے کہا کہ ’سعودی وزارت سرمایہ کاری اور انویسٹ انڈیا نے باہمی سرمایہ کاری کی کوششوں کو تقویت دینے اور سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو آسانیاں فراہم کرنے کے لیے دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔‘
’ دونوں ممالک نے 47 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے ہیں جن میں نجی اور سرکاری ادارے شامل ہیں‘۔