نئے معاہدے سے انڈیا کیساتھ تجارتی تعلقات مضبوط ہوں گے: سی ای او سعودی ایگزم بینک
ایگزم بینک آف انڈیا کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں ( فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے برآمدی مالیاتی اداروں نے انڈیا کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے اور نجی شعبے کی سپورٹ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
نئی دہلی میں سعودی،انڈین بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سعودی ایگزم بینک کے سی ای او سعد الخلب نے کہا کہ ’ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے ایگزم بینک آف انڈیا کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں‘۔
سعد الخلب نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ ہم نے سعودی عرب کے تجارتی تعلقات سے فائدہ اٹھانے، دونوں ممالک میں نجی شعبے کو مزید ترقی دینے کے لیے باہمی تعاون اور سپورٹ کے لیے انڈین ایگزم بینک کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں‘۔
معاہدے میں تعاون کے لیے مخصوص شعبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جیسا کہ سامان اور خدمات کی برآمد، معلومات کا تبادلہ اور باہمی تعاون کے منصوبوں کے لیے معاونت۔
اس انتظام کے ساتھ دونوں ممالک کے کاروبار برآمدی کریڈٹ، پری شپمنٹ اور پوسٹ شپمنٹ فنانسنگ، اپنے سامان اور خدمات کے لیے برآمدی ضمانتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس سے مقامی کمپنیوں کو بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش اور اپنے کسٹمر بیس کو بڑھانے کی ترغیب ملے گی۔
یہ بینک سرحد پار تجارت میں شامل خطرات کو کم کرنے کے لیے انشورنس اور گارنٹی بھی پیش کر سکتے ہیں جس سے مارکیٹوں میں منصفانہ کھیل ممکن ہو سکے۔
سعد الخلب نے کہا کہ ’ ہمارے ساتھ سیکڑوں سے زیادہ سرمایہ کار، بڑی کمپنیاں اور دونوں طرف کے نمائندے ایک میز پر اکٹھے بیٹھے ہیں۔ ہم سعودی عرب میں اور ہمارے انڈین ہم منصب یہاں سرکاری اور نجی بینکوں کی ترقی اور ان کی مدد کے لیے موجود ہیں‘۔
انہوں نے اس مفاہمت نامے کو سعودی ایگزم بینک کی عالمی منڈیوں کے ساتھ پل بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ قرار دیا۔
انہوں نے وضاحت کی ’یہ نیا معاہدہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان دیرینہ سٹریٹجک اور تجارتی تعلقات کو مضبوط اور توسیع دیتا ہے‘۔
سعودی ایگزم بینک کے سی ای او انڈیا، مشرق وسطی، یورپ اقتصادی راہداری کے بارے میں بھی خوش تھے جو بین الاقوامی تجارت کو مکمل طور پر تبدیل کر سکتا ہے۔