ڈالر ’مافیا‘ کے بعد ملک بھر میں گولڈ سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن
جمعرات 14 ستمبر 2023 19:35
ترجمان ایکسائز کے مطابق ایکسائز پولیس نے پشاور رنگ روڈ پر گاڑی سے دو لاکھ بلیک ڈالر برآمد کر لی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سکیورٹی ایجنسیز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ’گولڈ مافیا‘اور سمگلرز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ’گولڈ مافیا‘اور سمگلرز کے خلاف فیصلہ کن ایکشن کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجینس ایجنسیز پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹاسک فورس کا مقصد سونے کے سمگلرز اور مافیا کو پکڑ کر اُن کے خلاف قانونی کارروائی کرنا ہے۔
ٹاسک فورس نے سونا سمگلنگ کرنے والے مافیا اور سمگلرز کی لسٹیں تیار کر لی ہیں۔
دوسری جانب حکومت نے گولڈ ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اور سونے کی خرید و فروخت کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا ہے۔
حکومتی اقدامات کا فائدہ عوام اور ملک دونوں کو ہوگا۔ خیال رہے سونے کی قیمت پہلے ہی مارکیٹ میں نیچے آرہی ہے۔
پشاور میں منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائی
دوسری جانب پشاور میں تھانہ ایکسائز نے منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کاروائی کی ہے۔
ترجمان ایکسائز کے مطابق ایکسائز پولیس نے پشاور رنگ روڈ پر گاڑی سے دو لاکھ بلیک ڈالر برآمد کر لی۔
پولیس نے دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش کے لیے ملزمان اور برآمد شدہ ڈالر ایف آئی اے کے حوالے کر دیے۔