طیبہ اور ام القری یونیورسٹز میں بیرون مملکت سے داخلے شروع
جمعرات 14 ستمبر 2023 19:58
ماسٹراورہائی ڈپلومہ کورسز کے لیے داخلے شروع کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ کی طیبہ یونیورسٹی اور مکہ مکرمہ کی ام القری یونیورسٹی نے بیرون مملکت سے داخلے کی درخواستیں طلب کرلیں۔
الوطن اخبار کے مطابق طیبہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 8 فیکلٹیز کے 43 شعبوں میں مملکت سے باہر مقیم طلبہ کے لیے داخلے کھول دیئے گئے ہیں۔
طیبہ یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبہ ’ادرس فی السعودیہ‘ پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ سکالرشپ اور فیس پر داخلے سے متعلق تفصیلات اور سہولیات جاننے کے لیے مندرجہ ذیل لنک studyinsaudi.moe.gov.sa کے ذریعے پلیٹ فارم پر اندراج کرائیں۔
ام القری یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی سال 2023-2024 کے دوسرے سمسٹر میں اسلامی علوم اور سائنسی مضامین میں ایم اے اور ہائی ڈپلومہ کے لیے داخلے شروع کردیے گئے ہیں۔ ایجوکیشن فیس کے بغیر داخلے ہوں گے۔
ام القری یونیورسٹی میں 20 ستمبر 2023 بروز بدھ کو داخلہ شرائط کا اعلان کیا گا جبکہ داخلے کی آن لائن درخواستوں کی وصولی 8 اکتوبر کو صبح دس بجے سے ہوگی۔ 20 اکتوبر کو رات 11 بجکر 59 منٹ پر داخلہ گیٹ بند ہوجائے گا۔
یونیورسٹی نے داخلے کی عام شرائط متعین کردی ہیں پہلی شرط یہ ہے کہ امیدوار یا تو سعودی شہری ہو یا اعلی تعلیم کے لیے سکالر شپ ہولڈر ہو۔
بی اے یا اس کے مساوی ڈگری ہولڈر ہو۔ معروف یونیورسٹی سے ڈگری حاصل کی گئی ہو ۔ اگر مملکت کے باہر کی کسی یونیورسٹی سے ڈگری ہولڈر ہو تو اس کی منظوری لازمی ہوگی۔
5 سال سے زیادہ پرانی ڈگری قابل قبول نہیں ہوگی۔ اعلی ڈپلومہ میں داخلے کے امیدوار کا رزلٹ کم از کم 65 فیصد تک ہو۔
ماسٹرڈگری کے لیے امیدوار کا نتیجہ کم از کم 70 فیصد تک ہو۔ متعلقہ ادارے کا تحریری امتحان پاس کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں ٹوفل میں 450 یا IELTS کے امتحان میں کم از کم پانچ نمبر حاصل کیے ہوں۔ یہ پابندی سائنس، انجینیئرنگ، کمپیوٹر اور میڈیسن کے ماسٹرز کے پروگراموں کے لیے ہے۔
ایسی غیرملکی یونیورسٹیوں سے ڈگری ہولڈر جہاں سرکاری زبان انگریزی ہو انگریزی زبان کی شرط امیدوار کے لیے نہیں ہوگی۔