Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان امدادی مرکز کا سری لنکا میں بصارت کے علاج کے لیے کیمپ

علاج کے بعد ہزاروں سری لنکن معمول کے مطابق زندگی گزارنے کے قابل ہو گئے۔ فوٹو واس
سری لنکا میں ہزاروں افراد نے سعودی امدادی ایجنسی کنگ سلمان امدادی مرکز کی طرف سے شروع کیے گئے اندھے پن کی روک تھام کے پروگرام سے فائدہ اٹھایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اس منصوبہ کے تحت سری لنکا میں اندھے پن سے بچاؤ کے پروگرام کے  حوالے سے سات ہزار سری لنکن شہریوں کی مدد کی گئی ہے۔
سری لنکا میں سعودی سفارت خانے کے مطابق دارالحکومت کنگ سلمان امدادی مرکز نے کولمبو سے سینکڑوں کلومیٹر دور والاسمولہ اور کٹانکوڈی کے قصبوں میں سعودی نور رضاکار پروگرام  کے تحت 6 تا 16 ستمبر امدادی کیمپ کا اہتمام کیا گیا-
سری لنکا میں تعینات سعودی سفیر خالد بن حمود القحطانی نے بتایا ہے کہ امدادی پروگرام کا مقصد سری لنکن عوام کو اندھے پن کے مصائب سے بچانا اور آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
 سعودی سفیر نے مزید بتایا کہ آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہزاروں مریضوں کی تشخیص اور ان کے لیے طبی خدمات فراہم کرنا اور بینائی کے علاج میں ضرورت کے مطابق آپریشن کرنا امدادی منصوبے  میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیمپ میں آنے والےمریضوں کا موتیا کا آپریشن کیا گیا ہے، بہت سے افراد کو دیگر علاج کے ساتھ ادویات فراہم کی گئی ہیں جب کہ تقریباً دو ہزار افراد کو بصارت کی خرابی کے مسائل سے نمٹنے کے لیے عینکیں فراہم کی گئی ہیں۔
سری لنکا کے دونوں قصبوں میں مفت علاج کی سہولت سے سات ہزار مریضوں نے فائدہ اٹھایا ہے جن میں سے تقریباً ایک ہزار کو سرجری کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

دو قصبوں میں سعودی نور رضاکار پروگرام  کے تحت امدادی کیمپ کا اہتمام کیا گیا- فوٹو واس

کنگ سلمان امدادی مرکز  کے مقامی پارٹنر ایسوسی ایشن آف مسلم یوتھ آف سیلان کے ڈائریکٹر جنرل ایم ایس ایم تھیسم نے بتایا ہے کہ  کیمپ میں آنے والے جزوی اندھے پن سے متاثرہ افراد کا تعلق دور دراز کے دیہات سے ہے اور وہ ہسپتال کے بے تحاشہ اخراجات ادا کرنے کے متحمل نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علاج معالجے کے بعد ہزاروں سری لنکن معمول کے مطابق زندگی گزارنے کے قابل ہو گئے ہیں۔
سعودی عرب کی جانب سے اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نابینا افراد کو اس مدد کی اشد ضرورت تھی۔
 

شیئر: