مصر میں صدارتی انتخابات دسمبر میں ہوں گے: نیشنل الیکشن اتھارٹی
صدد عبدالفتاح الیسیی نے ابھی تک امیدواری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا (فوٹو: اے ایف پی)
مصر میں الیکشن حکام نے دس سے بارہ دسمبر کو صدارتی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے۔
صدارتی الیکشن کرانے کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب عرب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سابق آرمی چیف صدد عبدالفتاح السیسی جو تقریبا ایک دہائی سے اقتدار میں ہیں نے ابھی تک اپنی امیدواری کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے لیکن ریاست سے وابستہ میڈیا پہلے ہی حکومت کے حامی اداروں کی حمایت کے پیغامات شائع کرچکا ہے۔
68 سالہ السیسی پہلی مرتبہ 2014 میں منتخب ہوئے تھے اور پھر 2018 کے انتخابات میں کامیاب ہوئے اب تک صرف دو دیگر امیدواروں نے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا ہے جن میں حزب اختلاف کے سیاستدان احمد الطنطاوی شامل ہیں۔
مصری سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر فرید زھران نے بھی انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
ابتدائی طور پر صدراتی الیکشن 2024 کے موسم بہار میں متوقع تھے۔
نیشنل الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین جسٹس ولید حسن حمزہ نے بتایا کہ ’ووٹنگ دس، گیارہ اور بارہ دسمبر کو ہوگی‘۔
امیدوار اکتوبر سے درخواست دے سکتے ہیں اور امیدواروں کی فہرست کو نو نومبر کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انتخابی مہم 29 نومبر تک جاری رہے ہیں اور نتائج کا اعلان 18 دسمبر کو کیا جائے گا۔
یاد رہے مصر گزشتہ سال کے اوائل سے بدترین معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
مارچ 2022 کے بعد سے کرنسی اپنی آدھی قدر کھو چکی ہے جس سے درآمدات پر منحصر معیشت میں کنزیومر پرائسز میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ برس بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ نے مصر کے لیے تین ارب ڈالر کے قرص کی منظوری دی تھی۔
لیکن قیمتیں پھر بھی آسمان کو چھو رہی ہیں کیونکہ غیر ملکی زرمبادلہ کی شدید قلت کے درمیان متوازی کرنسی مارکیٹ موجود ہے۔
سالانہ افراط زر بلند ترین سطح پر39.7 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
السیسی کی حکومت نے سماجی تحفظ کے متعدد اقدامات اور کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کیا ہے تاکہ معاشی دھچکے سے بچا جا سکے۔