بنگلہ دیشی کپتان نے کیوی کھلاڑی کو آؤٹ ہونے کے باوجود واپس کیوں بلایا؟
دوبارہ بیٹنگ کے لیے آنے کے بعد اش سوڈھی نے مزید 18 رنز بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کے خلاف میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سپورٹس مین سپرٹ کی ایک اعلٰی مثال قائم کر دی۔
بلیک کیپس کی اننگز کے 46 ویں اوور میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولر حسن محمود بال کروانے آئے تو ان کی ڈیلیوری مکمل ہونے سے پہلے ہی نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود اش سوڈھی نے اپنی کریز چھوڑ دی۔ اس پر حسن نے اپنی گیند مکمل کرنے کے بجائے نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود وکٹوں کی بیلز اُڑا دیں۔
یہ فیصلہ تھرڈ امپائر تک گیا اور انہوں نے اش سوڈھی کو آؤٹ قرار دے دیا، تاہم اس کے بعد ایک دلچسپ بات ہوئی اور بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس اور سومیہ سرکار نے آپس میں مشورہ کرنے کے بعد سوڈھی کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔
لٹن داس نے اش سوڈھی کو واپس بلانے سے قبل گراؤنڈ میں موجود امپائر سے بھی بات کی۔ جب سوڈھی واپس گراؤنڈ میں آئے تو وہ اچھے موڈ میں تھے اور وہ حسن محمود سے گلے بھی ملے۔
بنگلہ دیش نے اس سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا نام ان چند ٹیموں کے ساتھ درج کرا لیا ہے جنہوں نے موقعہ ملنے پر بھی نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود بیٹر کو آؤٹ نہ کیا۔
کسی بھی بیٹر کو اس طریقے سے آؤٹ کرنے کو ’منکڈ‘ کہا جاتا تھا اورماضی میں اس حوالے سے کافی تنازعات بھی اٹھتے رہے ہیں۔
جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا تو اش سوڈھی 26 گیندوں پر 17 رنز بنا چکے تھے لیکن دوبارہ کریز پر واپس آکر انہوں نے دو چھکے بھی لگائے اور 39 گیندوں پر 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔