روبوٹس انسانی مداخلت کے بغیر پانچ سے 8 گھنٹے تک کام کرسکتا ہے(فوٹو، ایس پی اے)
حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں عمرہ زائرین اورنمازیوں کو راحت پہنچانے کے لیے کئی سمارٹ روبوٹ فراہم کیے گئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق مسجد الحرام میں موجود سمارٹ روبوٹ مخلتف نوعیت کی خدمات انجام دیتے ہیں جن میں سے ایک جراثیم کش ادویہ کا چھڑکاؤ کرتا ہے۔ مقررہ مقامات کو جراثیم سے صاف کرنے کے لیے روبوٹ میں ٹریک پروگرامنگ کی گئی ہے۔
روبوٹس انسانی مداخلت کے بغیر پانچ سے 8 گھنٹے تک کام کرسکتا ہے۔ اس میں 23.8 لیٹر جراثیم کش مادہ بھرنے کی گنجائش ہے۔ فی گھنٹہ دو لیٹر جراثیم کش مادے کا اسپرے کیا جاتا ہے۔
دوسری نوعیت کا روبوٹ جسے سمارٹ گائیڈ روبوٹ کانام دیا گیا ہے۔ یہ زائرین کو طواف، سعی اور نماز کے طریقہ کار سے آگاہ کرتا ہے۔
یہ روبوٹ زائرین کو اردو، انگریزی، عربی سمیت گیارہ زبانوں میں سوالوں کے جوابات کی دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روبوٹ میں 21 انچ کی ٹچ سکرین لگائی گئی ہے۔
تیسرے قسم کا روبوٹ آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کرتا ہے۔ انسانی مداخلت کے بغیر تمام کام خود انجام دیتا ہے۔ ایک چکر میں جو دس منٹ کا ہوتا ہے آب زمز کی30 بوتلیں تقسیم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آب زمزم کی خالی بوتل واپس کرنے کے لیے بیس سیکنڈ کا وقفہ ہوتا ہے۔ روبوٹ میں انتہائی حساس سینسرز نصب کیے گئے ہیں جو حرم شریف میں موجود زائرین میں سے کسی سے بھی ٹکراتا نہیں اور نہ ہی آمد ورفت میں تعطل پیدا کرتا ہے۔ یہ 8 گھنٹے مسلسل کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔