علاقائی ہیڈکوارٹر کے ایگزیکٹوز کے لیے مملکت میں پریمیم رہائش کا منصوبہ
علاقائی ہیڈکوارٹر کے ایگزیکٹوز کے لیے مملکت میں پریمیم رہائش کا منصوبہ
اتوار 1 اکتوبر 2023 19:40
غیر ملکی کمپنیوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے میں مسلسل پیش قدمی جاری ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب میں سرمایہ کاری کی وزارت نے کاروباری ماحول بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کے طور پر علاقائی ہیڈکوارٹرز میں مقیم ایگزیکٹوز کو پریمیم رہائش فراہم کرنے کے لیے فریم ورک تیار کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سرکاری طور پر جاری کی جانے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مملکت کے پریمیم ریذیڈنسی سینٹر کے تعاون سے اس منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
سعودی وزارت خزانہ نے 2024 کے لیے اپنے قبل از بجٹ بیان میں سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لیے وزارت سرمایہ کاری اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان باہمی تعاون پر روشنی ڈالی ہے۔
مملکت میں موجود ایسی کمپنیاں جو ریاض میں اپنا ہیڈکوارٹر قائم کرنا چاہتی ہیں ان کے ساتھ بلدیات و دیہی امور اور ہاؤسنگ کی وزارت کا تعاون شامل ہے۔
مزید برآں وزارت خزانہ نے انکشاف کیا ہے کہ وزارت سرمایہ کاری انسانی وسائل و سماجی ترقی کی وزارت کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر کام کر رہی ہے تاکہ علاقائی ہیڈکوارٹرز میں ملازمین کے لیے مراعات فراہم کی جا سکیں۔
ان مراعات میں کمپنی کی ضروریات کی بنیاد پر ویزا دینا، فیملی ریذیڈنسی کے تحت شریک حیات کو کام کرنے کے قابل بنانا اور ریجنل ہیڈکوارٹر کے ملازمین کے ساتھ رہنے کی اجازت والے زیر کفالت افراد کی عمر کی حد بڑھا کر 25 سال کرنا شامل ہے۔
سعودی عرب اپنے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے مزید سازگار ماحول فراہم کرنے میں مسلسل پیش قدمی کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں