اسرائیلی فوج کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں فلسطینی نوجوان طولکرم قصبے کے قریب ایک کار میں سوار تھے اور انہوں نے گاڑی کے اندر سے اسرائیلی گاڑی پر گولیاں چلائیں۔
فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے تعاقب کے بعد دونوں فلسطینیوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور ان کی کار سے رائفل برآمد کر لی۔
جھڑپ کے بعد حماس اسلامی عسکریت پسند گروپ نے 23 اور 27 سالہ دونوں مقتول فلسطینیوں کو اپنے ارکان کے طور پر تسلیم کیا ہے۔
حماس اور ایک اور مسلح دھڑے فلسطینی اسلامی جہاد نے کہا ہے کہ انہوں نے طولکرم شہر میں ہونے والی ایک اور جھڑپ میں بندوقوں اور بم حملوں کے ذریعے اسرائیلی فوجیوں کو جانی نقصان پہنچایا ہے۔
مغربی کنارے میں حالیہ مہینوں کے دوارن تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
فوج کا کہنا ہے کہ اس جھڑپ میں پانچ اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں جب کہ انھوں نے ایک فلسطینی عسکریت پسند کو حراست میں لے لیا ہے۔
اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے حراست میں لیا جانے والا فلسطینی ہمارا رکن ہے۔
واضح رہے کہ مغربی کنارہ ان علاقوں میں شامل ہے جسے فلسطینی عوام ریاست کا درجہ دلانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب امریکہ کی سرپرستی میں قیام امن کی کوششوں میں تقریباً ایک دہائی پرانے تعطل کے باعث حالیہ مہینوں کے دوارن تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔