اماراتی وزیر خارجہ کے اسرائیل اور حماس میں لڑائی رکوانے کےلیے رابطے
ٹیلیفونک رابطوں میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان لڑائی بند کرانے اور کشیدگی میں کمی کے لیے روس، کویت، اسرائیل کے وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید نے ٹیلیفونک رابطوں میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے وزرائے خارجہ اور اسرائیل کے اپوزیشن لیڈر کے ساتھ موجودہ بحران کے منفی اثرات سے شہریوں کی سلامتی کی اہمیت، لڑائی بند کرنے اور ماحول کو پرسکون بنانے کے حوالے سے کوششوں پر بات چیت کی۔
اماراتی وزیرخارجہ نے کشیدگی کی شدت کم کرنے اور صورتحال کو کنٹرول سے باہر ہونے سے روکنے کے لیے تمام موثر بین الاقوامی فریقوں سے فوری اقدام پر زور دیا۔
شیخ عبداللہ بن زاید کا کہنا تھا کہ ’صورتحال کو پرسکون بنانا خطے کے استحکام کی ضرورت ہے۔ یہ پائیدار امن اور مبنی برانصاف جامع امن کا راستہ اپنائے بغیر حاصل نہیں ہوگا‘۔