سعودی عرب نے غزہ کی صورتحال پر او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کرلیا
منگل 10 اکتوبر 2023 20:02
بڑھتی کشیدگی خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث ہے( فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے منگل کو اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس میں غزہ میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
الشرق الاوسط کے مطابق او آئی سی کے وزرائے خارجہ غزہ اور اس کے نواح میں عسکری کارروائیوں اور بڑھتی کشیدگی کا جائزہ لیں گے جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔
سعودی عرب نے اجلاس اسلامی سربراہ کانفرنس کے موجودہ سیشن کے سربراہ اور او آئی سی ورکنگ کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے طلب کیا ہے۔
علاوہ ازیں او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کا اعادہ کیا ہے جس میں سیکڑوں فلسطینی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔
او آئی سی نے اسرائیل کو بین الاقوامی قراردادوں کو نظر انداز کرنے کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔
او آئی سی نےعالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اپیل کی کہ ’وہ اسرائیلی جارحیت بند کرانے، فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے اور اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کے لیے ٹھوس سیاسی عمل کی سرپرستی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے‘۔
’خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی القدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کے سلسلے میں اقدامات کیے جائیں‘۔
او آئی سی نے سلامتی کونسل سے کہا کہ ’وہ عرب امن فارمولے اور بین الاقوامی قفرارداوں کے مطابق دو ریاستی حل کے تصور کی بنیاد پر جامع اورمنصفانہ امن قائم کرائے‘۔