Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی 7 کا اسرائیل کی حمایت میں بیان، جاپان اور کینیڈا نے دستخط کیوں نہیں کیے؟

چیف کابینہ سیکریٹری ہیروکازو ماتسونو کا کہنا ہے کہ جاپان اپنے نقطۂ نظر میں لچک برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ فوٹو: روئٹرز
غزہ سے حماس کے تباہ کن حملوں کے بعد جی سیون کے پانچ رکن ممالک نے اسرائیل کی حمایت میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے تاہم جاپان اور کینیڈا نے اس بیان پر دستخط نہیں کیے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ بیان فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں، جرمن چانسلر اولاف شولز، اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی، برطانیہ کے وزیراعظم رشی سنک اور امریکی صدر جو بائیڈن نے جاری کیا ہے۔
دنیا کے امیر ترین سات جمہوری ممالک کی تنظیم جی سیون کے پانچ ممالک کے رہنماؤں نے ریاست اسرائیل کے لیے ’مضبوط اور متحد حمایت‘ کا اظہار کیا اور حماس کی ’دہشت گردی کی خوفناک کارروائیوں‘ کی مذمت کی۔
جب عرب نیوز کی جانب سے پوچھا گیا کہ جاپان نے اس دستاویز پر دستخط کیوں نہیں کیے تو چیف کابینہ سیکریٹری ہیروکازو ماتسونو نے بتایا کہ ’جاپان گروپ سیون  کے سربراہ ملک کے طور پر رکن ممالک کے ساتھ قریبی اشتراک میں کام کر رہا ہے اور امن کے حصول کے لیے ہر ملک کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ایسا لگتا ہے مشترکہ بیان اس لیے جاری کیا گیا تاکہ اس معاملے پر ہر جی سیون رکن کے متنوع نقطۂ نظر اور موقف کی عکاسی ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بیان میں جاپان کی عدم شمولیت کو اس کے اپنے نقطۂ نظر میں لچک برقرار رکھنے کی خواہش سے منسوب کیا جا سکتا ہے جبکہ فلسطین اور اسرائیل دونوں پر اثر و رسوخ اور ثالثی کے لیے پس پردہ کردار ادا کر رہے ہیں۔‘
ہیروکازو ماتسونو نے کہا کہ ’کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کرنے اور صورت حال کے پُرامن حل میں تعاون کے لیے جاپان پُرعزم ہے۔‘
پانچوں رہنماؤں کے بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے’جائز مطالبات‘ کو تسلیم کرتے ہیں اور حماس ان اُمنگوں کی نمائندگی نہیں کرتا۔‘

شیئر: