سعودی فنکاروں کا معروف عرب شاعر امرو القیس کو خراج عقیدت
سعودی فنکاروں کا معروف عرب شاعر امرو القیس کو خراج عقیدت
بدھ 11 اکتوبر 2023 16:30
شاعر کی لازوال محبت کے خیال پر مبنی نظمیں انتہائی عمدہ اور قابل قدر ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی وزارت ثقافت کی جانب سے عرب شاعری کے سال 2023 کے حوالے سے منعقد کئے گئے 'امرو القیس فیسٹیول' میں وجدان الجہوری اور مزنہ جیفری نے افسانوی شاعر کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق دونوں سعودی فنکاروں نے اپنی زبردست پینٹنگز کے ذریعے پانچویں صدی عیسوی کے شاعر کی بصیرت سے آگاہ کیا ہے۔
عرب خطے کے معروف شاعر امرو القیس کو عربی شاعری کا بانی کہا جاتا ہے، وہ 501 عیسوی میں نجد کے علاقے میں پیدا ہوئے اور 544 عیسوی میں ترکیہ میں ان کا انتقال ہوا۔
تقریب میں رکھی گئی پینٹنگز امرو القیس کی معروف نظموں میں سے ایک پر مبنی ہیں جس میں شاعر نے اپنی چاہت کے اظہار کو انتہائی خوبصورت انداز میں تفصیل سے پیش کیا ہے۔
مزنہ نے بتایا ہے کہ ان کی لازوال محبت کے خیال پر مبنی نظمیں انتہائی عمدہ اور قابل قدر ہیں۔
سعودی آرٹسٹ نے بتایا کہ میں نے اپنی پینٹنگز سے ذریعے امرو القیس کی شاعری کی خوبصورتی کے اظہار کی کوشش کی ہے۔
وجدان الجہوری نے بتایا کہ اپنی پینٹنگز میں زعفران سمیت نادر قسم کے متعدد مواد کا استعمال کیا ہے جو کہ شاعر کی اندرونی کیفیت کو اپنی پینٹنگ میں اجاگر کرنے کی کاوش ہے۔
وجدان نے فیسٹیول میں لگائی جانے والی نمائش میں رکھی اپنی ایک پینٹنگ کی جانب اشارہ کر کے بتایا کہ اس میں امرو القیس کی بہادری کی جانب توجہ دلائی گئی ہے کہ وہ زندگی کی ہر مشکل پر کیسے قابو پا لیتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاعر کی زندگی کے اس حصے کو کینوس پر اتارتے ہوئے میں نے اپنے ذہن میں یہ تاثر قائم رکھا کہ انہوں نے زندگی میں کیسے جدوجہد کی۔
میں نے امر القیس کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویر کشی کے لیے انتہائی عمدہ اور منفرد رنگوں کا استعمال کیا ہے۔
دونوں آرٹسٹ نے اپنی متعددد پینٹنگز قدیم عرب شاعر سے متعلق ہونے والی ورکشاپ کے دوران شرکاء کی موجودگی میں تیار کیں اور پینٹ اور برش کے ساتھ شرکاء کو اس میں حصہ لینے کی رغبت دلائی۔
تقریب میں ہونے والی دیگر ثقافتی سرگرمیوں میں معروف شاعر کی زندگی کے بارے میں ڈرامے اور موسیقی کے ذریعے بھی اظہار عقیدت پیش کیا گیا۔
فیسٹیول کے دوران خطاطی، مجسمہ سازی، دستکاری اور شاعری لکھنے کی ورکشاپس بھی منعقد کی گئی ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں