Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی وزیر خارجہ ابوظبی پہنچ گئے، اماراتی صدر سے ملاقات

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نھیان سے سنیچر کو ابوظبی میں امریکی وزیرخارجہ انتونی بلنکن نے ملاقات کی جس میں غزہ پٹی کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ 
امارات الیوم کے مطابق شہریوں کی زندگیوں کو تحفظ،غزہ میں انسانی بنیادوں پرغذائی، طبی اوردیگر ضروریات کی فوری ترسیل کے موضوع پر بھی گفتگو کی گئی۔ 
 خطے میں کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے کےلیے علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ملاقات میں مشرق وسطی میں استحکام اورخوشحالی میں اضافے اورعلاقائی سلامتی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
دونوں دوست ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کو حاصل کرنے کےلیے مختلف شعبوں کو ترقی دینے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ 
اس موقع پر ولی عہد ابوظبی شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نھیان، نائب حاکم ابوظبی شیخ طحنون بن زاید ، وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید اورصدر کے سفارتی امور کے مشیر ڈاکٹر انوربن محمد قرقاش کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔

شیئر: