Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کا غزہ پر حملہ ’وحشت ناک‘ ہوگا: برطانوی وزیر

برطانوی وزیر جیمز ہیپی نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ انٹیلی جنس کی اطلاع پر اسرائیل ہدف کو درست نشانہ بنائے گا۔ فوٹو عرب نیوز
برطانیہ کی مسلح افواج کے وزیر نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی متوقع زمینی، فضائی اور بحری کارروائی ’دہشت ناک‘ ہو گی اور اس میں ’کچھ خوفناک چیزیں‘ بھی شامل ہوں گی۔
عرب نیوز کے مطابق انڈیپنڈنٹ اخبار نے پیر کو رپورٹ کیا ہے کہ برطانوی وزیر جیمز ہیپی کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل فلسطینی خطے پر بڑے پیمانے پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور شمالی غزہ کے رہائشیوں کو جنوب کی طرف جانے کی تنبیہہ کر رہا ہے۔

شمالی غزہ کے رہائشیوں کو جنوب کی طرف جانے کا کہا جا رہا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

برطانوی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز فلسطینی آبادی کو نقل مکانی کا کہہ کر شہریوں کو ہلاکت سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کی جانب سے ’انسانی ڈھال کا استعمال‘ شہریوں کی جان کی حفاظت ’ناقابل یقین حد تک مشکل‘ بنا دے گا۔
جیمز ہیپی نے کہا مجھے پورا یقین ہے کہ اسرائیل اپنے ہدف کو درست نشانہ بنائے گا اور ان کے پاس اس بارے میں انٹیلی جنس کی مکمل اطلاع ہو گی کہ نشانہ کہاں باندھنے کی ضرورت ہے۔

برطانوی وزیر نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں کچھ انتہائی خوفناک صورتحال دیکھنے جا رہے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز

برطانوی وزیر نے مزید کہا کہ کسی کو اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہئے کہ خوفناک دہشت کے علاوہ کچھ اور ہونے والا ہے۔
’مجھے ڈر ہے کہ ہم آئندہ چند دنوں میں کچھ انتہائی خوفناک صورتحال دیکھنے جا رہے ہیں۔‘ 
برطانوی وزیر جیمز ہیپی نے کہا کہ یہ بات اچھے طریقے سے سمجھ آ رہی ہے کہ اسرائیل حماس کو ’تباہ‘ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے لیکن وہ اپنے ایسے مخالف کا پیچھا کر رہا ہے جو جان بوجھ کر شہری آبادی میں چھپا ہوا ہے اور آبادی کے درمیان ہی اپنا سب کچھ رکھتا ہے۔

شیئر: