سعودی عرب کے پانچ ایئرپورٹس کارکردگی کے حوالے سے سرفہرست
منگل 17 اکتوبر 2023 19:55
پہلے زمرے میں ریاض ایئرپورٹ سرفہرست جبکہ جدہ ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے ستمبر 2023 کے دوران مملکت کے ملکی و بین الاقوامی ائیر پورٹس کی کارکردگی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے ستمبر کے حوالے سے پانچ ایئرپورٹس کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا ہے۔
رپورٹ مسافروں کو پیش کی جانے والی خدمات کے معیار کو مدنظر رکھ کر تیار کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے گیارہ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔
محکمہ شہری ہوابازی نے ایئرپورٹس کو پانچ زمروں میں تقسیم کیا ہے۔ پہلے زمرے میں ان بین الاقوامی ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا ہے جن سے سالانہ پندرہ ملین سے زیادہ افراد سفر کرتے ہیں۔
اس زمرے میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض سرفہرست جبکہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہا۔
دوسرے زمرے میں ان بین الاقوامی ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا جہاں سالانہ مسافروں کی تعداد پانچ تا پندرہ ملین ہے۔ اس زمرے میں کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہلے اور امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ دوسرے نمبر پر رہے۔
تیسرے زمرے میں ان بین الاقوامی ایئرپورٹس کو رکھا گیا جن سے سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد دو تا پانچ ملین ہے۔ ان میں ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر رہے۔
چوتھے زمرے میں شامل بین الاقوامی ایئرپورٹس پر سالانہ سفر کرنے والوں کی تعداد بیس لاکھ سے کم ہے۔ ان میں امیر نایف بن عبدالعزیز القصیم ایئرپورٹ کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا گیا۔
پانچویں زمرے میں ڈومیسٹک ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا ان میں القریات سو فیصد کارکردگی سے سرفہرست رہا۔