سعودی وزیر خارجہ کی جی سی سی ممالک کے ہنگامی اجلاس میں شرکت
منگل 17 اکتوبر 2023 20:02
شہزادہ فیصل بن فرحان مسقط پہنچے تو عمانی ہم منصب نے خیر مقدم کیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نےغزہ کی صورتحال پر ہونے والے خلیجی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جی سی سی ممالک میں شامل وزرائے خارجہ کا 43 واں ہنگامی سیشن منگل کو مسقط میں منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے کی۔ جی سی سی کے وزرائے خارجہ اور سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی شریک ہوئے۔
وزرائے خارجہ نےغزہ پٹی کے رہائشی علاقوں پر اسرائیلی بمباری، جارحانہ حملوں میں شدت اور مقببوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ صورتحال پر غور کیا۔
حملوں سے ہزاروں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اجلاس کے دوران خطے کو درپیش خطرناک اور فوری چیلنج زیر بحث آئے۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اجلاس میں شرکت کےلیےمسقط پہنچے تو ان کے عمانی ہم منصب نے خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ نے پیر کو کویتی ولی عہد سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔