ورلڈ کپ: وراٹ کوہلی کی 48 ویں سینچری، بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست
جمعرات 19 اکتوبر 2023 12:56
انڈیا کے خلاف میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے انجری کے باعث حصہ نہیں لیا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز بنائے۔ انڈیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر یہ ہدف 41.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
انڈیا کی طرف سے وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 103 رنز بنائے، جبکہ شبھمن گِل نے 53 اور کپتان روہت شرما نے 48 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کے بولر مہدی حسن مرزا نے دو اور حسن محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے سب سے زیادہ 66، تنزید حسن نے 51 اور محموداللہ نے 46 سکور بنائے۔
انڈیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے رویندرا جڈیجہ، محمد سراج اور جسپریت بمراہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پونے میں کھیلا گیا یہ میچ میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں کا چوتھا میچ تھا۔
انڈیا کے خلاف میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن انجری کے باعث حصہ نہیں لیا تھا جن کی عدم موجودگی میں نجم الحسین شانتو نے ٹیم کی کپتانی کی۔
بنگلہ دیش نے اس میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں جس کے بعد شکیب الحسن کی جگہ ناسُم احمد اور حسن محمود کو تسکین احمد کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ انڈیا کی پلئینگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچوں کی تاریخ کو دیکھا جائے تو اب تک بنگلہ دیش اور انڈیا کے درمیان 41 میچ ہو چکے ہیں جس میں 32 مرتبہ انڈیا اور 8 مرتبہ بنگلہ دیش کو جیت حاصل ہوئی۔
بنگلہ دیش کی پلئینگ الیون
لٹن داس، تنزید حسن، مہدی حسن میراز، نجم الحسین شانتو (کپتان)، مشفیق الرحیم (وکٹ کیپر)، توحید ہری دوئے، محموداللہ، ناسُم احمد، مصتفیض الرحمان، شوریفُل اسلام، حسن محمود۔
انڈیا کی پلئینگ الیون
روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، وراٹ کوہلی، شریاس ایئر، کے ایل راہُل (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجہ، شاردُل ٹھاکر، جسپریت بمراہ، کلدیپ یادو، محمد سراج۔