Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی کی کارکن اور ٹک ٹاکر صنم جاوید تیسری مرتبہ گرفتار

عدالت نے صنم جاوید کی ریس کورس تھانے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر رکھی تھی (فائل فوٹو: پی ٹی آئی ایکس)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تحریک انصاف کی معروف کارکن اور ٹک ٹاکر صنم جاوید رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔
صنم جاوید جمعہ کے روز کوٹ لکھپت جیل سے دوسری مرتبہ رہائی کے بعد پولیس نے پھر گرفتار کر لیا۔
عدالت نے صنم جاوید کی ریس کورس تھانے کے مقدمے میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کر رکھی تھی۔ 
جمعہ کی شام انہیں کوٹ لکھپت جیل سے رہا کیا گیا تو گیٹ پر ہی کھڑی پولیس نے انہیں دوبارہ حراست میں لے لیا اور قیدیوں والی گاڑی میں بٹھا کر جیل سے روانہ ہو گئی۔
تحریک انصاف ک جانب سے جاری ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صنم جاوید قیدیوں والی گاڑی میں نعرے لگا رہی ہیں۔ 
اس سے قبل گذشتہ ماہ صنم جاوید کو پانچ ماہ کے بعد 9 مئی کے دو مقدمات میں عدالت نے رہا کردیا تھا، تاہم پولیس نے انہیں کیمپ جیل کے باہر سے دوبارہ حراست میں لے کر ایک اور مقدمے میں گرفتار کر لیا۔
لاہور پولیس کی جانب سے تاحال صنم جاوید کی دوبارہ گرفتاری کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی۔ 
دوسری طرف ان کے وکلا نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں پولیس سے صنم جاوید کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل مانگی گئی ہے۔ 
اس درخواست پر پولیس نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی تھی کہ تاحال وہ کسی نئے مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں۔ 
صنم جاوید کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے ان کارکنوں میں ہوتا ہے جو 9 مئی کے واقعات کے بعد سب سے پہلے گرفتار ہوئے تھے۔

شیئر: