سعودی وزیر سیاحت کی زمبابوے اور زیمبیا کے ہم منصبوں سے ملاقات
اتوار 22 اکتوبر 2023 22:02
ملاقات عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی کے اجتماع کے موقع پر ہوئی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے حالیہ دنوں ازبکستان میں اپنے زیمبیا اور زمبابوے کے ہم منصبوں سے ملاقات کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ ملاقات سمرقند شہر میں اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی کے اجتماع کے موقع پر ہوئی۔
بات چیت کے دوران وزرا نے افریقی جنگلی حیات کی سیاحت میں ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
احمد الخطیب نے ایک الگ ملاقات میں جمیکا کے وزیر سیاحت سے ملاقات کی اور کیریبین میں سیاحت کے شعبے کی ترقی کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر نے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے وزیر سیاحت سے بھی ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے درمیان سیاحت کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی میں 117 ممالک کے وفود بشمول 70 وزارتی سطح کے نمائندوں نے 20 اکتوبر کو ختم ہونے والی پانچ روزہ کانفرنس کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب 2025 میں اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی کے اگلے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے جس میں 159 سے زیادہ رکن ممالک کے ساتھ ساتھ نجی شعبے اور غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کی عالمی سیاحتی تنظیم کی جنرل اسمبلی کا آئندہ اجلاس سعودی عرب کو سیاحت میں اپنی پیشرفت کو ظاہر کرنے اور اس شعبے میں بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کرے گا۔