اقوام متحدہ کے حکام کا غزہ کے لیے بلاتعطل امداد کی ترسیل کا مطالبہ
منگل 24 اکتوبر 2023 13:10
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعرات کو ہو گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) نے غزہ کے لیے بلاتعطل امداد کی ترسیل کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں اداروں روئٹرز اور اے ایف پی کے مطابق فلسطین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کی ترجمان تمارا الرفاعی نے کہا ہے کہ ’ہم غزہ کے لیے بلاتعطل اور مسلسل انسانی اور طبی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ جو امدادی ٹرک اب تک پہنچے ہیں وہ بہت ہی کم ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اسرائیل پر حماس کے عسکریت پسندوں کے حملے سے پیدا ہونے والے تنازع پر تبادلہ خیال کے لیے جمعرات کو اجلاس منعقد کرے گی۔
اقوام متحدہ کے صدر نے یہ اعلان رکن ممالک کے نام ایک خط میں کیا ہے۔
سلامتی کونسل اب تک جنگ سے متعلق کسی قرارداد پر اتفاق کرنے میں ناکام رہی ہے، لیکن کئی ریاستوں، جن میں عرب ممالک کے ایک گروپ کی جانب سے اردن، روس، شام، بنگلہ دیش، ویتنام اور کمبوڈیا شامل ہیں، نے جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس سے میٹنگ شیڈول کرنے کے لیے باضابطہ طور پر درخواست کی۔
گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لیے روس کی قرارداد مسترد ہو گئی تھی۔
سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی قرارداد کے حق میں پانچ ارکان نے ووٹ دیا جبکہ امریکہ سمیت چار ممالک نے مخالفت کی اور چھ ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔
جس میں ’شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گردی‘ کی مذمت کی گئی تھی تاہم عسکریت پسند تنظیم حماس کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
اس کے بعد برازیل کی جانب سے سلامتی کونسل میں پیش کی گئی ایک قرارداد کو امریکہ نے ویٹو کر دیا تھا اس قرارداد میں اسرائیل کے دفاع کے حق کا ذکر نہیں کیا گیا تھا۔
کونسل کے 15 میں سے 12 ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا تھا جس نے ’حماس کے حملوں‘ کی مذمت کی تھی جبکہ روس اور برطانیہ نے ووٹ نہیں دیا تھا۔