ہم جب گر کر اٹھتے ہیں تو وہاں (اوپر) جاتے ہیں، بابر کی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی
ہم جب گر کر اٹھتے ہیں تو وہاں (اوپر) جاتے ہیں، بابر کی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی
جمعرات 26 اکتوبر 2023 13:16
کپتان نے اپنی ٹیم سے مزید کہا کہ ’ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے، ایسا کریں گے تو آسانی ہوگی، ساری چیز ہمارے ساتھ ہوگی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں مسلسل تین میچوں میں شکست کے بعد جیت کے لیے ترستی پاکستانی ٹیم کا کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے قبل خوب حوصلہ بڑھایا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے بدھ کو چنئی میں میچ پریکٹس کی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کی پریکٹس کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم سمیت گرین شرٹس کے باقی کھلاڑی اہم ترین میچ سے قبل خوب نیٹ پریکٹس کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی اور کوچز گروپ کی شکل میں کھڑے ہیں اور اُنہیں بابر اعظم خوب حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔
بابر اعظم اپنی ٹیم سے کہتے ہیں کہ ’ہم ایسا بہت بار کر چکے ہیں کہ جب ہم گرتے ہیں اور پھر اٹھتے ہیں تو وہاں (اوپر) جاتے ہیں، وہ یاد کرو۔‘
کپتان نے اپنی ٹیم سے مزید کہا کہ ’ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنا ہے، ایسا کریں گے تو آسانی ہوگی، ساری چیز ہمارے ساتھ ہوگی۔‘
پاکستان کو اپنے پچھلے میچ میں افغانستان کے ہاتھوں چنئی میں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہوگئے ہیں تاہم ابھی بھی پاکستان ٹیم ایونٹ سے باہر نہیں ہوئی اور سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہے۔
پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اپنے باقی چاروں میچ ہر صورت جیتنا ہوں گے۔
واضح رہے پاکستان اِس وقت میگا ایونٹ میں دو کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔