Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی ون ڈے رینکنگ خطرے میں پڑ گئی

آئی سی سی کے مطابق ’ابھی تک کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں 157 رنز بنانے کے باوجود بابر اعظم 829 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور سٹار بیٹر بابر اعظم کی ناقص کارکردگی کے باعث اُن کی ون ڈے فارمیٹ میں پہلی پوزیشن خطرے میں پڑ گئی ہے۔
پاکستانی کپتان اس وقت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہیں تاہم اُن کے بعد دوسرے نمبر پر موجود انڈین بیٹر شبھمن گِل اور بابر اعظم کے ریٹنگ پوائنٹس کے درمیان صرف چھ پوائنٹس کا فرق باقی رہ گیا ہے۔
شبھمن گِل 823 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور بابر اعظم کے ریٹنگ پوائنٹس 829 ہیں۔
اسی سلسلے میں آئی سی سی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’ابھی تک کرکٹ ورلڈ کپ کے پانچ میچوں میں 157 رنز بنانے کے باوجود بابر اعظم 829 ریٹنگ پوائنٹس پر ہیں۔‘
آئی سی سی نے مزید کہا کہ ’شبھمن گِل نے ابھی تک تین میچوں میں انڈیا کے لیے 95 رنز بنائے ہیں، جس میں اُن کی پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف 53 رنز کی اننگز بھی شامل ہے۔‘
 
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ ’بابر اعظم کی پہلی پوزیشن پر آنے کے لیے صرف انڈین اوپنر (شبھمن گِل) ہی تیار نہیں ہیں بلکہ جنوبی افریقہ کے اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک بھی ورلڈ کپ میں تین سینچریاں سکور کرنے کے بعد ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔‘
اگر آئی سی سی کی تازہ ون ڈے رینکنگ میں بیٹرز کی فہرست کو دیکھا جائے تو پہلے نمبر پر بابر اعظم موجود ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر شبھمن گِل براجمان ہیں۔
اسی طرح تیسرے نمبر پر کوئنٹن ڈی کوک، چوتھے نمبر پر جنوبی افریقی بیٹر ہینرک کلاسین، پانچویں نمبر پر آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر، چھٹے نمبر پر انڈین بیٹر وراٹ کوہلی، ساتویں نمبر پر آئرلینڈ کے بیٹر ہیری ٹیکٹر، آٹھویں نمبر پر انڈین کپتان روہت شرما، نویں نمبر پر جنوبی افریقی بلے باز رَسی فین ڈر ڈسن اور دسویں نمبر پر پاکستانی اوپنر امام الحق موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کے اِن فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک بھی ورلڈ کپ میں تین سینچریاں سکور کرنے کے بعد ترقی کر کے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح ون ڈے فارمیٹ میں بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ کا پہلا نمبر ہے جبکہ دوسرے نمبر پر انڈین بولر محمد سراج موجود ہیں۔
تیسرے نمبر پر جنوبی افریقی سپنر کیشوو مہاراج، چوتھے نمبر پر افغان لیگ سپنر راشد خان، پانچویں نمبر پر کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ، چھٹے نمبر پر افغان آل راؤںڈر محمد نبی، ساتویں نمبر پر آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زیمپا، آٹھویں نمبر پر کیوی بولر میٹ ہینری، نویں نمبر پر انڈین سپنر کلدیپ یادو اور دسویں نمبر پر پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی موجود ہیں۔
 

شیئر: