Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ کی ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری شکست، سری لنکا 8 وکٹوں سے کامیاب

سری لنکا کے خلاف انگلش کپتان جوز بلٹر صرف 8 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 25 ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکا نے انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 157 رنز کے ہدف کو دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی 25.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے پاتھم نشانکا نے 77، سدیرا سماراوِکاراما نے 65 اور کوشل مینڈس نے 11 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ وِلی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ انگلینڈ کی اس ورلڈ کپ میں مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چوتھی شکست تھی۔
اس سے قبل بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کے غلط ثابت ہوا اور پوری انگلش ٹیم 33.2 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے 43، جونی بیئرسٹو نے 30 اور ڈیوڈ مالان نے 28 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے لاہِیرُو کمارا نے تین، انجیلو میتھیوز اور کاسُن راجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش تھیکشانا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلورو میں کھیلے جانے والا یہ میچ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں پانچواں میچ تھا۔
اس سے قبل سری لنکا اور انگلینڈ میگا ایونٹ میں اب تک چار میچ کھیل چکی تھیں جس میں انہیں صرف ایک ہی میچ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
اس میچ میں سری لنکا کو کپتان داسُن شناکا کی خدمات حاصل نہیں تھیں جبکہ فاسٹ بولر متھیشا پتھیرانا بھی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔
 

سری لنکا کے خلاف بین سٹوکس سمیت کوئی بھی انگلش بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

داسُن شاناکا کی جگہ ورلڈ کپ کے باقی تمام میچوں میں کوشل مینڈس ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں جبکہ متھیشا پتھیرانا کی جگہ سکواڈ میں سینیئر آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز کو شامل کیا گیا تھا۔
اگر ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو سری لنکا اس میچ میں جیت کے بعد 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں جبکہ انگلینڈ دو پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر آگیا ہے۔

شیئر: