سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا جی بی نیوز جوائن کرنے کا اعلان
سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا جی بی نیوز جوائن کرنے کا اعلان
ہفتہ 28 اکتوبر 2023 19:43
برطانیہ نئے چیلنجوں کو کیسے حل کرسکتا ہے اس پر تبادلہ خیال کریں گے۔ فوٹو عرب نیوز
برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے گذشتہ روز جمعے کو اعلان کیا ہے کہ وہ دائیں بازو کی جانب جھکاؤ والے برطانوی چینل جی بی نیوز میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق پارٹی گیٹ سکینڈل کی تحقیقات کے بعد برطانوی پارلیمنٹ سے سبکدوش ہونے والے بورس جانسن اس نشریاتی ادارے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش نظر آ رہے ہیں۔
اس اعلان کے بعد سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ میں عالمی پیمانے پر برطانیہ کے لیے بے پناہ مواقع اور چیلنجز کے بارے میں بات کروں گا۔
جی بی نیوز نیٹ ورک نے جو اپنے دائیں بازو کے سیاسی نظریات کی جانب جھکاؤ کے لیے جانا جاتا ہے، تصدیق کی ہے کہ سابق برطانوی وزیراعظم بطور پریزینٹر، پروگرام کے پیش کار اور بطور مبصر ہمارے ساتھ شریک رہیں گے۔
نیٹ ورک نے مزید بتایا ہے کہ بورس آئندہ برس کے اوائل سے ہمارے لیے اپنی خدمات پیش کریں گے اور برطانیہ کے عام انتخابات اور آئندہ سال ہونے والے امریکی انتخابات دونوں کی بھرپور کوریج میں چینل کے لیے کلیدی کردار ادا کریں گے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں سابق رہنما نے کہا ہے کہ وہ روس، چین، یوکرین کی جنگ سے متعلق ہر چیز پر غیرمتزلزل خیالات کا اظہار کریں گے اور یہ کہ برطانیہ نئے چیلنجوں کو کیسے حل کر سکتا ہے، اس پر تبادلہ خیال کریں گے۔
قبل ازیں بورس جانسن نے جون میں یہ اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ڈیلی میل میں کالم نگار کی حیثیت سے خدمات پیش کی تھیں لیکن بعد میں انہیں پارلیمنٹ کو مطلع نہ کرنے پر وزارتی ضابطے کی خلاف ورزی پر سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔
جی بی نیوز نیٹ ورک 2021 کے اپنے آغاز کے بعد سے یوکرین جنگ، اسلاموفوبیا سے متعلق بات چیت اور حالیہ حماس۔ اسرائیل تنازع جیسے موضوعات پر اپنے متنازع موقف کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا ہے۔