ایئر عربیہ سے 20 برسوں میں 150 ملین افراد نے سفر کیا
اتوار 29 اکتوبر 2023 5:24
اس وقت ائیرلائن کا فضائی بیٹرا 71 طیاروں پرمشتمل ہے (فوٹو: امارات الیوم)
ایئر عربیہ گروپ کے سی ای او کا کہنا ہے کہ 20 برسوں میں 190 سٹیشنز کے لیے 150 ملین مسافروں کو فضائی خدمات مہیا کی گئی ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق گروپ کے سی ای او عادل العلی نے بتایا کہ ’دو دہائی قبل ایئرع ربیہ قائم کی گئی تھی۔ اس عرصے میں ایئرلائن نے ترقی کی منازل طے کیں۔ العربیہ کے آپریشنز سات مراکز سے کیے جاتے ہیں۔
ایئر عربیہ نے مشرقی وسطٰی اورشمال افریقہ سے فضائی سفر کو نئی جہت دی۔ بہترین اورمعیاری خدمات کے باعث مسافروں نے بھرپور اعتماد کیا۔
عادل العلی نے مزید کہا کہ ایئرلائن کی جانب سے مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ ریجن کے لیے مناسب کرایوں کو متعارف کرایا گیا جس سے فضائی کمپنی جلد مقبول ہو گئی۔
ایئر عربیہ نے 28 اکتوبر 2003 کو اپنے فضائی سفر کا آغاز صرف دو طیاروں سے پانچ ایئرپورٹس کے لیے کیا تھا۔ آج ایئرلائن ایک گروپ آف کمپنیز کی شکل اختیار کر چکی ہے جس کے اثاثہ جات پانچ ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔‘
انہوں مزید کہا کہ ایئرعربیہ کی پروازیں امارات سے مختلف ممالک کے لیے چلائی جاتی ہیں جن میں پاکستان، مصر، مراکش آرمینا شامل ہیں۔‘
اس وقت ایئرلائن کا فضائی بیڑا 71 طیاروں پرمشتمل ہے جن میں ایئربس اے 320، اے 321 شامل ہیں علاوہ ازیں ایئربس کمپنی سے مزید 120 جدید طیارے ایئربس اے 320 کی خریداری کے معاہدے کیے ہیں۔ 2025 میں نئے طیارے ملنا شروع ہوجائیں گے۔