سعودی عرب کا 90 فیصد انسولین اندرون مملکت تیار کرنے کا اعلان
سعودی عرب کا 90 فیصد انسولین اندرون مملکت تیار کرنے کا اعلان
پیر 30 اکتوبر 2023 5:48
مملکت میں رجسٹرڈ دوا ساز فیکٹریوں کی تعداد 84 ہے۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب ضرورت کی نوے فیصد انسولین ملک میں تیار کرے گا۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر صنعت و معدنیات بندر الخریف نے اتوار کو عالمی صحت فورم میں شرکت کے موقع پر کہا کہ ’وزارت دوا سازی اور صحت نگہداشت کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری چاہتی ہے۔‘
بندرالخریف نے بتایا کہ ’اندرون ملک دوائیں اور طبی لوازمات تیار کیے جائیں گے اور ضرورت سے زیادہ دوائیں اور طبی لوازمات برآمد کریں گے۔‘
بندر الخریف نے کہا کہ ’ادویہ اور طبی لوازمات اندرون ملک تیار کرنے کو یقینی بنانے والی کمیٹی 2020 سے کام کر رہی ہے۔ کمیٹی دواؤں سے متعلق ملکی ضروریات کی فہرستیں بنا چکی ہے۔‘
اس حوالے سے وزارت صحت اور سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) جیسے اداروں سے ایک ہزار سے زیادہ ادویہ کی فہرستیں حاصل کی جا چکی ہیں۔ 200 سے زیادہ ایسی دواؤں کی فہرست تیار کر لی گئی ہے جو سرکاری صحت اداروں کے مجموعی سودوں کا چالیس فیصد ہیں۔ ان پر 14 ارب ریال خرچ ہوتے ہیں۔ اب کوشش یہ ہے کہ یہ دوائیں اندرون ملک تیار ہوں۔
سعودی وزیر صنعت و معدنیات نے کہا کہ ’ویکسینز اور بائیو ادویہ کی کمیٹی بھی اسی جہت میں کام کر رہی ہے۔ انسولین، ویکسینز اور پلازمہ مصنوعات اندرون ملک میں تیار کرنے کی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ یہ سب ادویہ 70 فیصد سے زیادہ اندرون ملک تیار کی جائیں گی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری وزارت میں رجسٹرڈ دوا ساز فیکٹریوں کی تعداد 84 ہے۔ ان میں سے 48 کے پرمٹ ایس ایف ڈی اے نے جاری کیے ہیں جن پر تقریباً سات ارب ریال کا سرمایہ لگا ہے۔ علاوہ ازیں ادویہ اور طبی ساز و سامان تیار کرنے والی ایسی 148 فیکٹریاں ہیں جن کے پرمٹ ایس ایف ڈی اے نے جاری کیے ہیں اور ان پر سرمایہ 3.1 ارب ریال لگا ہوا ہے۔‘
سعودی عرب میں طبی ساز و سامان اور دوا سازی کا اہم ترین مرکز سدیر انڈسٹریل اینڈ بزنس سٹی ہو گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں