ناقص کارکردگی نے انگلینڈ کی 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت مشکل بنا دی
ناقص کارکردگی نے انگلینڈ کی 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت مشکل بنا دی
پیر 30 اکتوبر 2023 15:30
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لہذا پاکستان پہلے ہی اس ایونٹ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر چکا ہے۔ (فوٹو: اے اپف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی نے جہاں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو تقریباً سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دیا ہے وہیں انگلش ٹیم کے لیے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ انہیں 2025 میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر ہونا پڑ سکتا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے سات نمبروں پر آنے والی ٹیمیں 2025 میں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لہذا پاکستان پہلے ہی اس ایونٹ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر چکا ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان نے کرک اِنفو سے اس بات کی تصدیق کی کہ 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کوالیفیکشن سسٹم کو 2021 میں آئی سی سی بورڈ نے منظور کیا تھا۔
چیمپیئنز ٹرافی میں کوالیفیکیشن کے اس معاملے نے ورلڈ کپ میں شریک کچھ ٹیموں کو حیران کر دیا ہے جبکہ جو ٹیمیں ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہیں کر پائی تھیں وہ بھی اس معاملے سے بے خبر رہی ہیں۔
اس وقت ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش نویں اور انگلینڈ 10 ویں نمبر پر موجود ہے لہذا اگر یہ ٹیمیں ورلڈ کپ میں پہلی سات پوزیشنز پر نہیں آتیں تو یہ چیمپیئنز ٹرافی سے باہر ہو جائیں گی۔
اس بارے میں جب انگلش کپتان جوز بٹلر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں، مجھے اس بارے میں علم ہے اور ابھی ہمارے پاس تین میچ باقی ہیں۔‘
اسی طرح آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں بھی شریک نہیں ہوں گی کیونکہ یہ تینوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھیں۔
سنہ 2021 میں آئی سی سی نے 2024 سے 2031 کی سائیکل کے لیے مینز اور ویمنز کے کئی آئی سی سی ٹورنامنٹ شیڈول کیے تھے جس میں 2025 اور 2029 کی چیمپیئنز ٹرافی بھی شامل ہے۔
اِن دونوں چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹس میں ٹاپ آٹھ ٹیمیں ہی شریک ہوں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں سے دو، دو ٹمیں سیمی فائنل کھیلیں گے۔
یہاں خیال رہے 2013 اور 2017 کی چیمپیئنز ٹرافی میں رسائی کے لیے آئی سی سی نے ’کَٹ آف ڈیٹ‘ طے کی تھی تاہم 2025 کی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے کٹ آف ڈیٹ کی بجائے ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے علاوہ پہلی سات ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔