Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قصوروار نہ ہوا تو عہدہ دوبارہ سنبھال لوں گا‘، چیف سلیکٹر انضمام الحق مستعفی

انضمام الحق نے ایسے وقت میں استعفیٰ دیا جب ورلڈکپ کے لیے ٹیم  انڈیا میں موجود ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے پیر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق انضمام الحق نے قومی کرکٹ ٹیم اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انہیں رواں برس سات اگست کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر بنایا گیا تھا اور رواں مہینے کے آغاز میں انہوں نے جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ بھی سنبھالا تھا۔
پی سی بی کے مطابق انضمام الحق نے کہا ہے کہ ’میں پی سی بی کو میڈیا میں لگائے گئے مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کے بارے میں شفاف انکوائری کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے عہدے سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ اگر کمیٹی مجھے قصوروار نہیں سمجھتی ہے تو میں چیف سلیکٹر کے طور پر اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لوں گا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے اس تحقیقات کے دوران انضمام الحق کے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کے فیصلے کو سراہا اور تسلیم کیا ہے۔
دوسری جانب مقامی نیوز چینل سما ٹی وی سے گفتگو میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کو بھیج دیا ہے۔
 ’مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہو جاؤں۔‘
’پی سی بی سے میرے پاس کال آئی تھی۔ بتایا گیا کہ پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے تو میں نے کہا کہ بہتر ہے تحقیقات مکمل ہونے تک میں سائیڈ پر ہو جاؤں۔‘ 
’پاکستان کرکٹ بورڈ انکوائری کرے میں دستیاب ہوں، بغیر تحقیق کے باتیں کر رہے ہیں جس نے بھی کہا ثبوت دیں۔‘
انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھ پر الزامات لگنے پر میں نے بورڈ سے بات کی تھی، بورڈ کو کہا کہ آپ کو کوئی شک ہے تو انکوائری کر لیں۔‘

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کو بھیج دیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انضمام الحق نے کہا کہ مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ پانچ لوگوں کی کمیٹی بنائی گئی ہے۔ اس پر بورڈ کو کہا جب تک کمیٹی تحقیقات کر لےعہدہ چھوڑ دیتا ہوں۔
خیال رہے کہ انضمام الحق نے ایسے وقت میں عہدے سے استعفیٰ دیا ہے جب ورلڈکپ کے لیے ٹیم انڈیا میں موجود ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل کی ہے۔‘
 کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی۔
قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں اب تک کھیلے گئے چھ میچوں میں سے چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسلسل چار شکستوں کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔  

شیئر: