Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’معجزے ہو سکتے ہیں، پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے‘ 

شاداب خان نے کہا کہ ’ورلڈ کپ میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی، لیکن ہم اس طرح کے حالات سے پہلے بھی نکلے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی) 
انڈیا میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی پر کپتان بابر اعظم کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
شاداب خان نے پاکستانی مداحوں سے کہا ہے کہ ’معجزے ہو سکتے ہیں اور سابق چیمپیئنز اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ورلڈ کپ کی جنگ میں اُتر رہے ہیں۔‘ 
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے اپنے پیغام میں ٹیم کی کارکردگی پر بات کی۔
قومی ٹیم کے نائب کپتان کے مطابق ’پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے، ہم ’مرو یا مار دو‘ (Do or Die)  کی جنگ میں اُتر رہے ہیں۔‘ 
ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا شاندار آغاز نیدرلینڈز اور سری لنکا کو شکست دے کر ہوا، تاہم اس کے بعد انڈیا، آسٹریلیا اور افغانستان سے میچ ہار گیا۔  
جمعے کو پاکستان کا امتحان ورلڈ کپ کے پانچ میں سے چار میچ جیتنے والی ٹیم جنوبی افریقہ سے ہے۔  
شاداب خان نے تسلیم کیا کہ ’بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ، ہماری ٹیم کی کارکرگی تینوں شعبوں میں خراب رہی ہے۔‘  
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش نہیں کیا لیکن ہم اس طرح کے حالات سے پہلے بھی نکلے ہیں۔‘ 
قومی ٹیم کے نائب کپتان کے مطابق ’پاکستان اب بھی سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتا ہے، تاہم غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘ 
پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت ورلڈ کپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔  
جمعے کو جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کو موجودہ -0.40 نیٹ رن ریٹ میں بہتری کی بھی ضرورت ہے۔

جمعہ کو پاکستان کا مقابلہ ٹورنامنٹ کی اِن فارم ٹیم جنوبی افریقہ سے چنئی میں ہوگا (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)

نائب کپتان کا کہنا تھا کہ ’ہم ویسا نہیں کھیلے جیسی کارکردگی ہم ورلڈ کپ سے پہلے دکھا رہے تھے لیکن جمعہ سے ہم جیتنے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب آپ مرنے اور مارنے‘ کی پوزیشن میں ہوتے ہیں تو آپ کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہوتا۔ 
ان کے مطابق ’جب آپ اچھا نہیں کھیلتے تو آپ پر تنقید ہونا جائز ہے، کھلاڑی کی کارکردگی میں اُتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، لیکن میں پُرعزم ہوں کہ بہتری آئے گی۔‘ 
’افغانستان سے آٹھ وکٹوں سے شکست نے حیران کیا، تاہم مجھے امید ہے کہ انڈیا سے ورلڈ کپ مقابلوں میں مسلسل آٹھ ناکامیوں کے بعد ہونے والی تنقید کو ہماری فتح خاموش کر دے گی۔‘ 
ٹیم کے سوشل میڈیا استعمال کرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ ’میں کھلاڑیوں سے ہمیشہ کہتا ہوں کہ سوشل میڈیا کا استعمال کرنا بند کر دیں۔‘ 
انہوں نے مزید کہا کہ ’جب آپ اچھا کھیلتے ہیں تو لوگ آپ کی تعریف کرتے ہیں اور جب آپ اچھا پرفارم نہیں کر پاتے تو وہی لوگ تنقید شروع کر دیتے ہیں۔‘ 
’اسی طرح جب کوئی ٹیم میں نہیں ہوتا تو کہتے ہیں کہ وہ کھلاڑی اچھا تھا اور جب کوئی کھیل رہا ہوتا ہے تو کہتے ہیں یہ بُرا کھلاڑی ہے۔‘ 

شیئر: