Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف جیت، پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا کتنا امکان؟

پاکستان کی جیت کے بعد بنگلہ دیش اس ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
منگل کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 32.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جیت کے بعد بنگلہ دیش اس ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے جبکہ پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ابھی بھی برقرار ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال
بنگلہ دیش کے خلاف آسان جیت کے بعد پاکستان ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر 6 پوائٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ گرین شرٹس کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.024 ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ پوائنٹس ٹیبل پر انڈیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 8 پوائٹس کے ساتھ تیسرے، آسٹریلیا 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
 افغانستان 6 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، نیدرلینڈز 4 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، بنگلہ دیش 2 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ 2 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔
پاکستان کے سیمی فائنل کے جانے کے امکانات
پاکستان کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جانے کے امکانات 13 فیصد ہیں۔ سیمی فائنل میں جانے کے لیے پاکستان کو نیوزی لینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف ہر صورت فتح حاصل کرنا ہوگی۔
اسی طرح پاکستانی مداحوں کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ نیوزی لینڈ اپنے باقی تینوں میچ ہارے یا پھر کم از کم دو میچ ہارے اور ایک میچ میں کم مارجن سے جیت حاصل کرے۔
نیوزی لینڈ نے اپنے آخری تین میچ جنوبی افریقہ، پاکستان اور سری لنکا کے خلاف کھیلنے ہیں۔
اسی طرح اگر آسٹریلیا اپنے باقی تینوں میچ ہار جائے اور پاکستان اپنے تینوں میچ جیت جائے تو گرین شرٹس ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ جائیں گے۔ اگر آسٹریلیا اپنے باقی تین میچوں میں سے دو میچ ہارتا ہے تو پاکستان کو دعا کرنی ہوگی کہ آسٹریلیا اپنا ایک میچ کم مارجن سے جیتے تاکہ پاکستان نیٹ رن ریٹ پر سیمی فائنل میں جا سکے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جیت پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بھی تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
کرک اِنفو نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سات میچ، تین فتوحات، چھ پوائنٹس۔ پاکستان فینز، کیا آپ کو ابھی بھی یقین ہے؟‘
 
ہارون نے اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’پچھلے ورلڈ کپ (ٹی20 ورلڈ کپ) میں ہم چاہتے تھے کہ جنوبی افریقہ ہار جائے، اب ہم چاہتے ہیں کہ جنوبی افریقہ ہمارے لیے میچ جیت جائے۔ پاکستان ٹیم کا کوئی اعتبار نہیں ہے۔‘
 
نواز نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’205 کا ہدف 32.3 اوورز میں حاصل کر کے بالآخر پاکستان جیت گیا۔ مبارک ہو لڑکو!‘
 

 

شیئر: