Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی غزہ میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت

بین الاقوامی انسانی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھی مذمت کی گئی ہے ( فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں کم ازکم 50 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سے گنجان آباد شہری علاقوں کو مسلسل اور غیر انسانی طور پر نشانہ بنائے جانے کو مکمل طور پر مسترد کیا گیا ہے۔
بیان میں اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی ہے۔
سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی گزشتہ جمعے کو بھاری اکثریت سے منظور کی گئی قرارداد کے مطابق اسرائیل پر جنگ بندی کے لیے دباو ڈالنے  میں بین الاقوامی برادری کی ناکامی کو اجاگر کیا۔
بیان کے مطابق سعودی عرب نے کہا کہ ’ غزہ میں جاری کشیدگی سے پیدا ہونے والی سنگین انسانی صورتحال ناقابل معافی ہے‘۔
بیان میں خونریزی روکنے، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بلا تاخیر یا رکاوٹ کے فوجی کارروائیاں بند کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی عرب نے متنبہ کیا کہ ’ان اقدامات پر فوری طور پرعمل کرنے میں کوئی بھی ناکامی ایک انسانی تباہی کا باعث بنےگی۔ اسرائیلی قبضے اور بین الاقوامی برادری دونوں جوابدہ ٹہرایا جائے گا‘۔

شیئر: