Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی ولی عہد کی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت، فوری جنگ بندی پر زور

غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ نے بین الاقوامی قوانین پامال کیے ہیں (فوٹو: کونا)
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الجابر الصباح نے غزہ میں فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کے مطالبے کو دہرایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’غزہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ نے بین الاقوامی قوانین پامال کیے ہیں‘۔ 
 سرکاری خبررساں ادارے کونا کے مطابق کویتی ولی عہد نے پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ کویت کی قیادت، عوام، اسمبلی اور حکومت فلسطینی علاقوں بالخصوص غزہ میں ہونے والے خونریز واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر رہے ہیں‘۔

کویتی ولی عہد نے منگل کو پارلیمنٹ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا ہے (فوٹو: کونا)

انہوں نے غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دینے پر زور دیا۔ 
کویتی ولی عہد کا کہنا تھا کہ’ مسئلہ فلسطین سے متعلق کویت کا موقف غیر متزلزل ہے۔ غزہ میں جنگ بندی اور انسانی امداد فراہم  کرنے کی اجازت دی جائے‘۔ 
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’کویت ان تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد بین الاقوامی قانونی حیثیت کے مطابق مسئلہ فلسطین کے جامع اور مبنی بر انصاف حل تک رسائی ہے‘۔ 
یاد رہے کہ غزہ پر اسرائیلی فوج کی تباہ کن عسکری کارروائی  کو 25 دن ہوچکے ہیں۔ اس دوران ہزاروں فلسطینی ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں بیشتر شہری ہیں۔

شیئر: