Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب غزہ پر اسرائیلی حملے رکوانے کےلیے سفارتی مہم چلا رہا ہے‘

سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب غزہ میں اسرائیلی حملے بند کرانے اور غزہ کے باشندوں تک امدادی سامان کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی سفارتی مہم چلا رہا ہے‘۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق منگل کو کابینہ کا اجلاس ریاض میں ولی عہد  شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ 
اجلاس کے آغاز میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ کو امریکی صدر کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
کابینہ نے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے بتایا کہ ’سعودی عرب غزہ میں حملے بند کرانے، امدادی تنظیموں کو ضروری اور فوری انسانی امدادی سامان  پہنچانے کا موقع فراہم کرانے کے لیے کوشاں ہے‘۔
’عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر سفارتی مہم چلائی جارہی ہے۔ فلسطینیوں کی امنگیں پوری کرنے والے جامع اور مبنی بر انصاف حل میں کردار ادا کرنے پر بھی آمادہ کیا جارہا ہے‘۔ 
سعودی وزیر مملکت و قائم مقام وزیراطلاعات ڈاکٹر عصام  بن سعد نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا جدہ میں سوڈان کے متحارب فریقوں  کے درمیان مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی تفصیلات کابینہ سے کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ’ سوڈانی فریقوں کے درمیان مذاکرات کا نیا دور کشیدگی کےخاتمے اور امن و استحکام  کےلیے معاہدے تک رسائی کا باعث بنے گا‘۔ 
کابینہ نے گزشتہ دنوں سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والے اہم اقتصادی پروگرام خصوصا فیوچر انویسٹمنٹ انشیٹو فورم کے حوالے سے رپورٹوں کا بھی جائزہ لیا۔ 
کابینہ نےمختلف ممالک کے ساتھ پوسٹل اور لاجسٹک خدمات کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی۔
وزیر سرمایہ کاری کو ماریطانیہ کے ساتھ مشترکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے معاہدے پر دستخط کا اختیار تفویض کیا۔ 
قطر کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری کے سلسلے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کے سلسلے میں  وزیر سرمایہ کاری کو اختیاردیا گیا ہے۔

شیئر: