غزہ کے متاثرین کےلیے امدادی مہم، اب تک 337 ملین ریال کے عطیات
پانچ لاکھ 33 ہزار 107 افراد نے فلسطینیوں کے لیے عطیات جمع کرائے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والی عوامی عطیہ مہم میں اب تک کل عطیات 33 کروڑ 78 لاکھ ریال (337) ملین سے تجاوز کرگئے۔
عاجل ویب کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جمعرات کو غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
مہم شروع کیے جانے کا اعلان شاہ سلمان مرکز برائے امداد کے نگران اعلی اورشاہی مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کیا۔
غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والے عطیہ مہم میں سب سے پہلے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے بعدازاں ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال کا عطیہ مرکز کے ساھم پورٹل میں جمع کیا گیا۔
مہم شروع ہونے کےاب تک 5 لاکھ 33 ہزار 107 افراد نے غزہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے عطیات جمع کرائے جن کا سلسلہ جاری ہے۔
ساھم پورٹل پر امدادی مہم جاری ہے۔ مملکت کی تمام مساجد میں غزہ کے لیے امدادی مہم کے حوالے سے نماز جمعہ کے خطبات میں عطیہ مہم کے بارے میں لوگوں کو مطلع کیا گیا۔
واضح رہے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و فلاح انسانیت کے تحت ’ساھم ‘ پورٹل جاری کیا گیا ہے جہاں عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں علاوہ ازیں مشترکہ بینک اکاونٹ بھی شاہ سلمان مرکز کی ویب سائٹ پرموجود ہے جس کے ذریعے عطیات ارسال کیے جاسکتے ہیں۔