Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیلنجوں کا سامنا ہے، جی سی سی ممالک اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں: سعودی وزیر داخلہ

منشیات کے انسداد، سمگلروں کا تعاقب کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کا اجلاس بدھ کو مسقط میں سلطنت عمان کے وزیر داخلہ حمود البوسعیدی کی زیر صدارت ہوا ہے۔
 خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے  خطاب میں خلیجی وزرائے داخلہ کو سعودی قیادت  کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ 
سعودی وزیر داخلہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ’ ہمارا خطہ اور پوری دنیا جن خطرات اور چیلنجوں سے دوچار ہے ان کا تقاضا ہے کہ جی سی سی ممالک بھرپور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں‘۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس کو کامیاب بنانے پرعمانی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نےر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کو قطر کا وزیر داخلہ مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی۔ 

خلیجی وزرائے داخلہ نے ایجنڈے پر موجود موضوعات پر تبادلہ خیال کیا( فوٹو: ایس پی اے)

انہوں نے کہا کہ’ خطے اور دنیا کو درپیش خطرات اور چیلنجوں کے باعث  تشدد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لہر میں تیزی آگئی ہے۔ امن و امان معدوم ہورہا ہے۔ سرحد پار منظم جرائم پھیل رہے ہیں‘۔ 
شہزادہ عبدالعزیز نے منشیا ت کی آفت کے حوالے سے کہا کہ’ یہ اقوام و ممالک کے لیے سنگین خطرات پیدا کررہی ہے۔ صورتحال کا تقاضا ہے خلیجی ممالک کے تمام متعلقہ ادارے منشیات کے انسداد کے لیے رابطہ مہم تیز کریں‘۔ 
خلیجی وزرائے داخلہ نے ایجنڈے پر موجود موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ منشیات کے انسداد، سمگلروں کا تعاقب کے لیے مشترکہ کوششوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ سیکیورٹی کمیٹیوں کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ مشترکہ ٹریفک  سسٹم کے پہلے مرحلے کے افتتاح کا موضوع بھی زیر بحث آیا۔ 

شیئر: