غزہ کےلیے امداد، سعودی ٹیم کی مصری ہلال احمر کے حکام سے ملاقات
عوامی عطیہ مہم میں اب تک کل عطیات 427 ملین سے تجاوز کرگئے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی خصوصی ٹیم سعودی عرب سے غزہ پٹی کے لیے امدادی سامان بھیجنے کے طریقے پر غور کے لیے مصری حکام سے ملاقاتیں کر رہی ہے ۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان مرکز کی ٹیم نے بدھ کو قاہرہ میں مصری ہلال احمر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر رامی الناظر سے ملاقات کی۔
رفح کراسنگ کے راستے غزہ میں بنیادی انسانی ضروریات پورا کرنے والے سامان کی فراہمی کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب ہمیشہ کی طرح مختلف بحرانوں کے شکار فلسطینی بھائیوں کی مدد کے حوالے اپنا تاریخی کردار ادا کررہا ہے۔ شاہ سلمان مرکز کی ٹیم کا دورہ قاہرہ اسی حوالے سے ہے۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والی عوامی عطیہ مہم میں اب تک کل عطیات 427 ملین سے تجاوز کرگئے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جمعرات کو غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
عطیہ مہم میں سب سے پہلے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے بعدازاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال کا عطیہ مرکز کے ساھم پورٹل میں جمع کیا گیا۔
مہم شروع ہونے کےاب تک 6 لاکھ سے زیادہ افراد نے عطیات جمع کرائے۔ ساھم پورٹل پر امدادی مہم جاری ہے۔
واضح رہے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و فلاح انسانیت کے تحت ’ساھم ‘ پورٹل جاری کیا گیا ہے جہاں عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں مشترکہ بینک اکاونٹ بھی شاہ سلمان مرکز کی ویب سائٹ پرموجود ہے جس کے ذریعے عطیات ارسال کیے جاسکتے ہیں۔