غزہ کےلیے امداد، سعودی ٹیم مصر پہنچ گئی، عطیات 403 ملین ریال سے زیادہ
مملکت میں ’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے امدادی مہم چلائی جارہی ہے (فوٹو: اخبار24 )
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز امداد اور انسانی خدمات کی خصوصی ٹیم غزہ سعودی امدادی سامان پہنچانے کا طریقہ کار طے کرنے مصر پہنچ گئی۔
خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر ’ساھم‘ پورٹل کے ذریعے غزہ کے فلسطینی بھائیوں کے لیے امدادی مہم چلائی جارہی ہے۔
سعودی ٹیم نے قاہرہ میں سعودی سفیر اسامہ نقلی سے ملاقات کی۔ غزہ کے متاثرین کے لیے طبی سازوسامان، ادویہ، فوڈ باسکٹس اور بنیادی ضروریات پہنچانے کی کارروائی، طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب امدادی سامان بنیادی انسانی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیزی سے رفح کے راستے غزہ پہنچائے گا۔
علاوہ ازیں سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والی عوامی عطیہ مہم میں اب تک کل عطیات 403 ملین سے تجاوز کرگئے۔
عاجل ویب کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے جمعرات کو غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
مہم شروع کیے جانے کا اعلان شاہ سلمان مرکز برائے امداد کے نگران اعلی اورشاہی مشیر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کیا۔
غزہ کے متاثرین کے لیے شروع کی جانے والے عطیہ مہم میں سب سے پہلے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال عطیہ کیے گئے بعدازاں ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال کا عطیہ مرکز کے ساھم پورٹل میں جمع کیا گیا۔
مہم شروع ہونے کےاب تک 5 لاکھ 68 ہزار 900 افراد نے غزہ میں اپنے فلسطینی بھائیوں کے لیے عطیات جمع کرائے جن کا سلسلہ جاری ہے۔
ساھم پورٹل پر امدادی مہم جاری ہے۔ مملکت کی تمام مساجد میں غزہ کے لیے امدادی مہم کے حوالے سے نماز جمعہ کے خطبات میں عطیہ مہم کے بارے میں لوگوں کو مطلع کیا گیا۔
واضح رہے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و فلاح انسانیت کے تحت ’ساھم ‘ پورٹل جاری کیا گیا ہے جہاں عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں علاوہ ازیں مشترکہ بینک اکاونٹ بھی شاہ سلمان مرکز کی ویب سائٹ پرموجود ہے جس کے ذریعے عطیات ارسال کیے جاسکتے ہیں۔