Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی:  کمپنیوں کا سسٹم ہیک کرنے والا بین الاقوامی گروہ گرفتار 

 ہیکرز نے 36 ملین ڈالر دومرحلوں میں بیرون ملک منتقل کیے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
دبئی پولیس نے متعدد ملکوں میں بڑی کمپنیوں کا سسٹم ہیک کرنے والے  بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
گروہ معروف کمپنیوں کے سی ای اوز اور ڈائریکٹرز کے ای میلز ہیک کرکے وارداتیں کررہا تھا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ  ہیکرز نے 36 ملین ڈالر دومرحلوں میں ملک سے باہر بھیجے تھے۔ پولیس کے ماتحت ای کرائمز کی سپیشل ٹیم  ہیکرز کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ 
دبئی پولیس نے مزید بتایا کہ ہیکرز کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ ان کا گروہ  43 افراد پر مشتمل تھا۔
گروہ کا سرغنہ جو کہ بیرون ملک میں مقیم ہے کی شناخت کرلی گئی ہے۔ دیگر 20 ملزمان کا پتہ لگالیا گیا ہے۔ گروہ کی گرفتاری میں انٹرپول سے تعاون حاصل کیا گیا۔ 
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ  ہیکرز کو حراست میں لینے کی کارروائی ’مونوپولی آپریشن‘ کے نام سے انجام دی گئی۔
اس کی باقاعدہ شروعات اس وقت ہوئی جب ایک ایشیائی ملک کی کمپنی کے وکیل نے  ای کرائم پورٹل کے ذریعے دبئی پولیس سے شکایت کی کہ ایک بین الاقوامی گروہ کمپنی کے سی ای او کا ای میل ہیک کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ وکیل نے اس حوالے سے ضروری تفصیلات پولیس کو پیش کردی تھیں۔ 

شیئر: