صحرائی حادثات میں سالانہ 150 افراد جان گنوا دیتے ہیں: فلاحی تنظیم
صحرائی حادثات میں سالانہ 150 افراد جان گنوا دیتے ہیں: فلاحی تنظیم
منگل 14 نومبر 2023 5:26
صحرا میں بھٹک جانے والوں کی تلاش ’برق‘ تنظیم کے تعاون سے کی جاتی ہے (فوٹو: ایکس )
سعودی عرب میں راستہ بھول جانے والوں کی مدد کے لیے قائم رضاکار ٹیم ’برق‘ کے کمانڈر طلال الشریف نے کہا ہے کہ سعودی صحراؤں میں راستہ بھول جانے پر اوسطاً سالانہ 150 کے قریب اموات ہو رہی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق الشریف نے بتایا کہ برق میں رضاکاروں کی تعداد دو ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ تمام رضاکار تربیت یافتہ ہیں اور جملہ امدادی وسائل سے لیس ہیں۔
الشریف نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے گزشتہ برسوں کے دوران صحراؤں میں پھنس جانے والے 50 ہزار سے زائد افراد کو بروقت مدد پہنچا کر بچایا۔
الشریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’برق‘ ٹیم بہت جلد سمندری امدادی آپریشن شروع کرے گی۔ اس کام کے لیے آبدوز کا سہارا لیا جائے گا۔ آبدوز سمندر میں سو میٹر گہرائی تک جا سکے گی۔
یاد رہے کہ ’برق‘ سعودی عرب میں پہلی رجسٹرڈ رضاکارانہ امدادی ٹیم ہے۔ یہ فور وہیل گاڑیوں کے ذریعے صحرا میں راستہ بھول جانے والوں کی تلاش اور مدد میں مہارت رکھتی ہے۔
رضاکارفلاحی تنظیم سال 2017 میں قائم کی گئی تھی(فوٹو،ایکس )
یہ رضا کار تنظیم 2017 میں جدہ میں قائم ہوئی تی ۔ اسے وزارت داخلہ اور محکمہ شہری دفاع کی سرپرستی حاصل ہے۔
برق ٹیم سے 911 مشترکہ سکیورٹی آپریشن کے ذریعے 24 گھنٹے میں کسی بھی وقت رابطہ کیا جا سکتا ہے یہ رضاکاروں پر مشتمل ہے اور مفت خدمات انجام دیتی ہے۔