نیوزی لینڈ میں برڈ آف دی سینچری کے مقابلے میں ’امریکہ کی مداخلت‘
نیوزی لینڈ میں برڈ آف دی سینچری کے مقابلے میں ’امریکہ کی مداخلت‘
منگل 14 نومبر 2023 14:59
جون اولیور نے اپنے شو پر اپنے پسندیدہ پرندے کے لیے ایک مزاحیہ مہم چلانی شروع کر دی۔ (فوٹو: ایچ بی او)
نیوزی لینڈ میں ووٹوں کی جانچ کرنے والے افراد غیرملکی مداخلت سے اتنے تنگ آ گئے کہ وہ فاتح کا اعلان کرنے میں تاخیر پر مجبور ہو گئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ ملک کے پسندیدہ پرندے کا انتخاب کا معاملہ تھا اور اس میں کامیڈین جون اولیور کی جانب سے مداخلت کی گئی ہے۔
عام طور پر کنزرویشن گروپ فارسٹ اینڈ برڈ کی جانب سے برڈ آف دی ایئر کی سالانہ تقریب کا انعقاد ملک کے مقامی پرندوں کی حالت زار کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کے لیے کیا جاتا ہے، جن میں سے کچھ معدومیت کا شکار چکے ہیں۔
رواں برس گروپ کے 100 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس مقابلے کو برڈ آف دی سینچری کا نام دیا گیا تھا۔
برطانوی نژاد امریکی کامیڈین جون اولیور نے اس مقابلے کے قوائد میں ایک نقص دریافت کیا، یہ ہر شخص کو اس کے مصدقہ ای میل کے ساتھ ووٹ ڈالنے کا حق دیتا ہے۔ تو انہوں نے ایچ بی او پر اپنے شو ’لاسٹ ویک ٹونائٹ‘ پر اپنے پسندیدہ پرندے پوٹیکٹیک کے لیے ایک مزاحیہ مہم چلانی شروع کر دی۔ یہ ایک آبی پرندہ ہے۔
انہوں نے اپنے شو میں کہا کہا کہ ’آخر جمہوریت کا مطلب یہی ہے۔ امریکہ غیرملکی انتخابات میں مداخلت کر رہا ہے۔‘
پوٹیکٹیک ایک آبی پرندہ ہے۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
فاریسٹ اینڈ برڈ نے کہا کہ ووٹ چیک کرنے والوں کو ان لاکھوں ووٹوں کی تصدیق کے لیے دو دن کا اضافی وقت لینے پر مجبور کیا گیا جو اتوار تک ڈالے گئے تھے۔ انہوں نے اب بدھ کو فاتح کا اعلان کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
فاریسٹ اینڈ برڈ کی چیف ایگزیگٹو نکولا ٹوکی نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے بہترین طریقے سے انجام پہنچانا کافی مشکل ہو گا۔‘
انہوں نے بتایا کہ اولیور نے رواں برس کے آغاز میں ان کے گروپ سے رابطہ کیا تھا اور پوچھا کہ کیا وہ پرندے کے لیے مقابلہ کر سکتے ہیں۔ ہم نے انہیں اثبات میں جواب دیا یہ سوچے بغیر کہ آگے کیا ہو گا۔