مہمان خواتین سے سعودی دلہن کی انوکھی درخواست، ویڈیو وائرل
دلہن نے مہمان خواتین سے مطالبہ کیا کہ شادی کے روز کوئی سفید جوڑا نہ پہنے۔ (فوٹو: مز مز)
سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر دلہن کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے مہمان خواتین سے انوکھی درخواست کی ہے۔
مزمز ویب کے مطابق دلہن نے مہمان خواتین کے نام پیغام میں درخواست کی کہ ’میں چاہتی ہوں کہ میری شادی کے موقع پر کوئی بھی سفید جوڑا زیب تن نہ کرے۔ سفید جوڑا صرف میرا ہو گا۔ میں نہیں چاہتی کہ شادی کے موقع پر کوئی اور خاتون سفید رنگ کے عروسی طرز کے لباس میں نظر آئے۔‘
مہمان خواتین کے نام دلہن کی درخواست پر سوشل میڈیا کے صارفین مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ دلہن کو خود پر اعتماد نہیں اگر وہ پُراعتماد ہوتیں تو ایسی درخواست کبھی نہ کرتیں۔
دوسری جانب بعض افراد کا کہنا ہے کہ دلہن کی درخواست اپنی جگہ درست ہے یہ اس کا حق ہے کہ وہ شادی کے موقع پر شادی گھر میں موجود تمام خواتین سے منفرد نظر آئے۔