Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ کو شکست، آسٹریلیا ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کا سامنا کرے گا

سیمی فائننل میں تبریز شمسی نے دو آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: گیٹی امیجز)
انڈیا میں جاری آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو کوکلتہ کے ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 213 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیوڈ مِلر نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 101 رنز بنائے جبکہ ہینرک کلاسین نے 47 اور جیرالڈ کوئٹزیا نے 19 رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے مچل سٹارک اور پیٹ کمنز نے تین، تین جبکہ ٹریوس ہیڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی اور ٹریوس ہیڈ کے علاوہ کوئی بھی بیٹر نصف سینچری تک نہیں پہنچ سکا۔
تاہم سٹیو سمتھ کے 30، ڈیوڈ وارنز کے 29 اور جوش انگلس کے 28 رنز نے ٹیم کو سہارا دیا اور آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی اور جیرالڈ کوئٹزے نے دو، دو جبکہ کگیسو رباڈا، ایڈن مارکرم اور کیشو مہاراج نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی ٹیم اتوار 19 نومبر کو ورلڈ کپ کے فائنل میں احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں انڈیا کے مدمقابل ہوگی۔
جنوبی افریقہ کی اننگز
جنوبی افریقہ کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑ گیا جب کپتان ٹیمبا باوُوما صفر کے سکور پر مِچل سٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے.
آسٹریلیا کو دوسری کامیابی بھی جلد ہی مل گئی جب چھٹے اوور کی چوتھی گیند پر ان فارم بیٹر کوئنٹن ڈی کوک اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں جوش ہیزل وُڈ کی گیند پر پیٹ کمنز کی شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہوئے۔
 پہلی پاورپلے میں جنوبی افریقی بلے باز کینگروز کی بولنگ کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دیے اور صرف ایک چوکا لگانے میں کامیاب رہے۔
پاورپلے کے اختتام پر بھی جنوبی افریقہ کی مشکلات میں کمی نہ ہوئی اور آسٹریلوی بولرز نے پروٹیئز کو کھل کر سکور نہ بنانے دیے۔
اس دوران آسٹریلیا کو تیسری وکٹ ایڈن مارکرم کی ملی جب وہ 10 کے انفرادی سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر پوائنٹ پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ایڈن گارڈنز سٹیڈیم میں بادلوں کے سائے تلے آسٹریلوی بولرز کے آگے رَسی فین ڈر ڈسن بھی کچھ نہ کر سکے اور وہ جوش ہیزل وُڈ کی گیند پر سلپ میں ٹیم کے 24 سکور پر آؤٹ ہوگئے۔


جنوبی افریقہ کے خلاف جوش ہیزل وُڈ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: گیٹی امیجز)

چار آؤٹ ہونے کے بعد ہینرک کلاسین اور ڈیوڈ ملر کے درمیان 113 گیندوں پر 93 رنز کی شراکت دیکھنے کو ملی جس میں دونوں بلے بازوں نے آسٹریلوی بولروں کے سامنے تیزی سے رنز بنائے۔
یہ شراکت آسٹریلیا کے لیے پریشان کُن ثابت ہونے لگی اور میچ کا دباؤ کینگروز پر پڑنے لگا تاہم پارٹ ٹائم سپنر ٹریوس ہیڈ نے 31ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہینرک کلاسین کو 47 کے انفرادی سکو پر کلین بولڈ کر دیا۔
اس سے اگلی ہی گیند پر ٹریوس ہیڈ نے آل راؤںڈر مارکو یانسین کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا جس کے بعد میچ دوبارہ سے آسٹریلیا کی گرفت میں آگیا۔
چھٹی وکٹ کے بعد یوں محسوس ہونے لگا کہ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم شاید جلد ہی آؤٹ ہو جائے گی تاہم ڈیوڈ ملر اور جرالڈ کوئٹزیا نے 76 گیندوں پر 53 رنز کی شراکت قائم کر کے پروٹیئز کی میچ میں واپسی کروا دی۔
 

ٹریوس ہیڈ نے جنوبی افریقہ کے دو گیندوں پر دو کھلاڑی آؤٹ کیے (فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)

آسٹریلیا کو ساتویں وکٹ جیرالڈ کوئٹزیا کی ملی جو پیٹ کمنز کی شارٹ پِچ گیند پر 172 کے مجموعی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
جنوبی افریقہ کے لیے ڈیوڈ ملر مشکل پِچ پر مشکل حالات میں مردِ بحران ثابت ہوئے اور انہوں نے چٹان کی طرح مضبوط رہتے ہوئے 116 گیندوں پر 5 چھکوں اور 8 چوکوں مدد سے 101 رنز بناتے ہوئے سینچری سکور کی۔
جنوبی افریقہ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیشوو مہاراج تھے جو چار کے انفرادی سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کو میچ میں ایک اور اہم کامیابی ڈیوڈ ملر کی وکٹ کی صورت میں ملی جب وہ سینچری بنانے کے بعد پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔
جنوبی افریقہ کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کاگیسو راباڈا تھے جو 212 کے ٹیم سکور پر پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 

دوسرے سیمی فائنل کی پہلی اننگز کے دوران کولکتہ کا موسم ابرآلود رہا (فوٹو: گیٹی امیجز)

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 109 ون ڈے میچ ہو چکے ہیں جن میں 55 مرتبہ جنوبی افریقہ اور 50 مرتبہ آسٹریلیا نے جیت حاصل کی۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان اس ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں کینگروز کو پروٹیئز کے ہاتھوں بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں ٹیمبا باوُوما (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک (وکٹ کیپر)، رَسی فین ڈر ڈسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسین، ڈیوڈ مِلر، مارکو یانسین، کیشوو مہاراج، جیرالڈ کوئٹزیا، کاگیسو راباڈا اور تبریز شمسی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے آسٹریلیا کی پلیئنگ الیون میں ٹریوس ہیڈ، ڈیوڈ وارنر، مِچل مارش، سٹیو سمتھ، مارنس لبوشین، گلین میکسویل، جوش انگلس (وکٹ کیپر)، پیٹ کمنز (کپتان)، مِچل سٹارک، ایڈم زیمپا اور جوش ہیزل وُڈ شامل ہیں۔

شیئر: